رانا ثنا اللہ

حکومت نے لاہور جلسے میں رکاوٹ ڈالی تو پھر اسلام آباد کا رخ کرینگے، رانا ثنا اللہ

لاہور (گلف آن لائن) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے لاہور جلسے میں رکاوٹ ڈالی تو پھر اسلام آباد کا رخ کرینگے، سلیکٹڈ گھبرا گیا ہے ،حکومت نے رکاوٹیں ڈالنے کے لئے پورے ملتان کو قید خانہ بنا دیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم عوام پر کوئی ظلم برداشت نہیں کریں گے ،اب گرفتاریوں سے بات آگے نکل گئی ہے اور ہم سر پر کفن باندھ کر نکلے ہیں، کہیں بھی حالات خراب ہوئے تو انتظامی افسران انکوائریاں بھگتیں گے۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ گھبرا گیا ہے کیونکہ جس نے اپوزیشن کو کنٹینرز دینے کا اعلان کیا تھا وہ اپنے بچا ﺅکے لیے کنٹینر ڈھونڈتا پھر رہا ہے.

کنٹینر زلگانے سے حکومت پی ڈی ایم کے جلسے نہیں روک سکتی، اب حکمرانوں کو بھاگنے کا راستہ بھی نہیں ملے گا۔ 13 دسمبرکو لاہور جلسے میں رکاوٹ ڈالی گئی تو اسلام آباد کا رخ کر لیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ تم نے قوم کے ساتھ فراڈ کیا ، غلط وعدے کیے اور اجتماعی دھوکہ دیا، وزیر اعظم کہتا تھا 90 دن میں کرپشن ختم ہو گی لیکن یہ تو 10 گناہ زیادہ ہو گئی ہے، 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریوں کا کہا گیا لیکن ڈھائی سال میں 10 نوکریاں یا 10 گھر بھی نہیں دئیے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں