پی ڈی ایم کاملتان میںبھرپور میں سیاسی پاور شو ، گھنٹہ گھر چوک جلسہ گاہ میں تبدیل ہو گیا.

ملتان(گلف آن لائن) ملتان میں حکومتی رکاوٹوں کے باعث قلعہ کہنہ قاسم باغ میں جلسہ نہ ہوسکنے پر اپوزیشن اتحاد گھنٹہ گھر چوک کو ہی جلسہ گاہ بنادیا۔ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے آج ملتان کے قاسم باغ اسٹیڈیم میں جلسے کا اعلان کررکھا تھا، بلاول بھٹو زرداری کے کورونا کا شکار ہونے کے باعث بے نظیر بھٹو کی سب سے چھوٹی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری نے بھی قومی سیاست میں انٹری دے دی ، آصفہ بھٹو زرداری کی سربراہی میں گیلانی ہاوس سے عظیم الشان ریلی نکالی گئی، جو گھنٹہ گھر پر اختتام پزیر ہوئی.

وہی مقام اپوزیشن اتحاد کے لئے جلسہ گاہ بن گیا، دوسری جانب مولانا فضل الرحمان بھی بڑی تعداد میں اپنے کارکنوں کے ہمراہ گھنٹہ گھر چوک پہنچے، پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی نے انہیں کنٹینر میں آ کر جلسے کی سربراہی کی دعوت دی جب کہ مریم نواز کا بھی استقبال کیا۔اس سے قبل گزشتہ 2 روز سے قاسم باغ اسٹیڈیم اطراف کے علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جب کہ شہر کے بیشتر مقامات پر کنٹینر لگا کر سڑکوں کو بند کردیا گیا تھا جس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا .

تاہم بعد میں انتظامیہ نے ملتان آنے والی سڑکوں سے کنٹینرز ہٹا دیئے اور شاہراہوں کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملتان جلسے میں شرکت اپنا ذاتی غم گھر چھوڑ کر قوم کے غم میں شریک ہونا ہے، حکومت نے غنڈہ گردی اور تشدد کا مظاہرہ کیا ہے ،کارکنوں پر ظلم نے مجھے ملتان کی جانب کھینچا ۔ جاتی امراءسے ملتان کیلئے روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام سے گزارش کروں گی کہ اس حکومت کی نالائقی کیخلاف جدوجہد تو کرنا ہی پڑے گی ،ہم اس جدوجہد میں سب سے آگے ہیں.

آصفہ بھٹو بھی ملتان کیلئے نکلی ہیں، ملک پر مشکل آئی ہے تو بیٹیاں بھی گھروں سے باہر نکلی ہیں ،اس حکومت کو اپنا گھر جانا نظر آ رہا ہے ، اب اس حکومت کے آخری چند دن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام طلبہ کے لئے ایک پالیسی ہونی چاہیے تو میڈیکل کے طلبہ کے لئے بھی وہی پالیسی ہونی چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ پولیس والے بھی اس حکومت سے تنگ آ چکے ہیں ،ملک میں کہیں کرونا ایس او پیز پر عمل نہیں ہو رہا ،حکومت اور جماعت اسلامی کے جلسے ہو رہے ہیں تو کورونا نہیں پھیل رہا کیا ، سارے ایس او پیز پی ڈی ایم کے لئے ہیں ،کوویڈ 19 تو چلا ہی جائے گا، کوویڈ 18 کو نکالنا ضروری ہے۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ کرنے تک یہاں سے نہیں جائیں گے جبکہ رکاوٹیں ہٹانے کا عدالتی فیصلہ قانون کے عین مطابق ہے۔ عدالت اور ہم دونوں چاہتے ہیں کہ جلسہ ہو۔انہوں نے کہا کہ جےیو آئی ف کے رضا کار قوم کے خدمت گزار ہیں یہ اسکواڈ نہیں اور مجھے گرفتار کرنے سے پہلے گرفتار کرنے والوں کو گرفتار کرلیں گے ۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ رکاوٹیں، موبائل فون سروس اور دیگر پابندیاں حکومت کے کچھ کام نہیں آئیں گی جبکہ جلسے کا تمام نظم و ضبط بہترین ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ملتان کے جلسے کو روکنے کے لیے پی ڈی ایم کے قائدین کو گرفتار کیا جا رہا ہے لیکن میں بتانا چاہتا ہوں گرفتاریوں سے تحریکیں کم نہیں بڑھتی ہیں اور رضاکار اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کر رہے ہیں۔پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ ہمیں کوئی مارے گا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں