اسلام آباد (گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ آٹا اور چینی سکینڈل میں 4 سو ارب روپے کی کرپشن سامنے آ چکی ہے اور کوئی نہیں بولتا،نیب نے جس طرح عمران نیازی کی فرمائش پر کیس بنائے وہ مذاق بن گیا ہے، ادارے عمران خان کے ماتحت ہیں مجھ پر کرپشن ثابت کر کے دکھاو، میری وزارت سے 32 سو روپے ترقیاتی کاموں کیلئے جاری ہوئے ،32 روپے رشوت میں ثابت کر دو میں مجرم ہوں گا،عمران خان اور وزیر ہوا بازی کے بیان کی وجہ سے ایک سو ارب روپے سے زیادہ نقصان ہو گیا .
پوری ایوی ایشن انڈسٹری بیٹھ گئی خکوئی نوٹس نہیں لیتا،جب سیکیورٹی ایجنسیوں کو سیاست دانوں کے پیچھے لگا دیا جائے گا تو دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ ملے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ نارووال سپورٹس سٹی ٹرائل کے سلسلے میں پھر پیش ہوا ہوں، یہ وہ انتقامی کارروائیاں ہیں جن کی وجہ 2018 تک کے ترقیاتی کام ہیں،جس شخص نے اس ترقی میں حصہ ڈالا انکو آج جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے، جنہوں نے اس ترقی کو نیست و نابود کیا وہ آج گلشرے اڑاتے پھر رہے ہیں.
جو ن لیگ کے عہدیداروں کے خلاف جھوٹے مقدمات بنا رہے ہیں، اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو ہمیں وہ نام لینے پڑینگے جو یہ سب کر رہے ہیں،سیکیورٹی اداروں سے کہتا ہوں کہ حکومت کا آلہ کار نہ بنیں حکومت آپکو اپنی بقا کیلئے استعمال کر رہی ہے۔سیکیورٹی ادارے دہشتگردی کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں،انٹیلی جنس بیورو کو سیاسی انتقامی کارروائیوں میں جھونک دیا گیا ہے،جب سیکیورٹی ایجنسیوں کو سیاست دانوں کے پیچھے لگا دیا جائے گا تو دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ ملے گی۔ ماضی میں حکومت چھینک مارتی تھی تو ادارے کہتے تھے کہ فلو ہو گیا ہے،آج حکومت کینسر زدہ ہے اور ادارے کہہ رہے ہیں کہ معمولی بخار ہے۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم اس حکومت کو گھر بھیجے گی۔