لاہور(گلف آن لائن)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین عمل یہی ہے کہ حزب اقتدار اور حزب اختلاف وطن عزیز کی سا لمیت ، وقار اور بقاکی خاطر ایک مقام پر کھڑے ہونے کا عملی مظاہرہ کریں یہ وقت کا تقاضا بھی ہے اور موجودہ حالات کی ضرورت بھی ۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کا ہمارے لئے عطیہ خداوندی ہے جس کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد رکھنا ہوگا اور فروعی اختلافات کو بھی پس پشت ڈالناہو گا۔ ہمیں کوئی ایسا راستہ نہیں اختیار کرنا جس سے دشمن اپنی ناپاک سازشو ں میں کامیاب ہو اور ملک کمزور ہو ۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کرسمس کے مقدس تہوار اور حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پردنیا بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارک باد دی اور کہا ہے کہ پاکستان مذہبی رواداری ، اخوت ، بھائی چارے اور اقلیتوں کے حقوق کی مکمل حمایت اور پاسداری کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والی مسیحی برادری نے قیام پاکستان کا موقع ہو یا تعمیر پاکستان کا ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور یہ بات انتہائی قابل قدر اور ستائش ہے کہ مسیحی بھائیوں نے تمام قومی شعبوں میں اپنی صلاحےتوں کا لوہا بھی منوایا اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔