اسلام آباد (گلف آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ افسوس آج مریم نواز بہاولپور میں خطاب کرتے ہوئے یہ بھول گیئں کہ اس شاہی خاندان نے لاہور کو بنانے سنوارنے کے نام پر جنوبی پنجاب کے عوام کے فنڈز پر ڈاکہ ڈالا، جنوبی پنجاب کے عوام تعلیم صحت اور روشنی کو ترستے رہے جبکہ انکے سارے وسائل لاہور پر خرچ کردئیے گئے۔ اتوار کی رات اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے کاشتکار اس شاہی ٹولے سے نفرت کرتے ہیں.
مسلم لیگ نے اپنے دور حکومت میں انہیں بھوکے مرنے پہ مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ گنے کے کاشتکار اپنی فصلیں ٹرالیوں پہ لیے حکومتی پالیسیوں کو کوستے ہیں،مسلم لیگ نے جنوبی پنجاب کی نفرت میں کپاس کے کاشتکاروں کی زندگیاں تباہ کیں، فصل کی بیجوں سے لےکر پیسٹیسائیڈ کی فراہمی روک کر اس شاہی ٹولے نے کسانوں کو بھوکا مرنے پہ مجبور کیا۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ جاتی عمرہ کے روڈ کی بار بار کارپٹنگ ہوتی رہی اور جنوبی پنجاب کی سڑکیں موہنجوڈارو کا نقشہ پیش کرتی رہیں.
آج مریم کس منہ سے جنوبی پنجاب کا رونا روتی ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے اپنا وعدہ نبھایا رہی ہے، پہلی بار تخت لاہور کے بجائے سائوتھ پنجاب کے ایک دور افتادہ علاقے سے وزیراعلی منتخب کیا گیا، علیحدہ سیکریٹریٹ قائم کیا گیا۔آج جنوبی پنجاب میں یکساں ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام مطمئن ہیں، یہی خوف ہے اقتدار سے عدلیہ اور اپنی کرتوتوں کی وجہ سے نکالے گئے کرپٹ خاندان کی.