اسلام آباد (گلف آن لائن) پاکستان کیخلاف بھارتی شرانگیزیاں اور ڈس انفو لیب کے انکشافات ، وزیر مواصلات مراد سعید نے پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں بحث کی ضرورت اجاگر کردی اس حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کو الگ الگ خطوط ارسال کر تے ہوئے قومی اسمبلی اور سینٹ کے خصوصی اجلاس بلوانے اور معاملے پر تفصیلی بحث کی استدعا کردی ۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے کہاکہ پاکستان کیخلاف بھارت کی کثیرالجہتی یلغار کررہا ہے، معاملے پر پارلیمان میں مفصل بحث کے ذریعے قومی حکمت عملی کی تیاری کی نہایت اہمیت اختیار کرچکی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان جنوبی ایشیاءکا ہی نہیں بلکہ مسلم امہ کا کلیدی اور اقوام متحدہ کا متحرک ترین رکن ہے، پاکستان اپنے جغرافیے اور اسٹریٹجک خواص کے باعث علاقائی و عالمی سیاست میں غیر معمولی حیثیت و کردار کا حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عالمی تنازعات کے پرامن حل، امن کے فروغ اور بنی نوع انسانوں کی فلاح و ترقی کی ہر عالمی کاوش میں شراکت دار رہا ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے 70 ہزار معصوم نفوس اور 100 ارب ڈالرز سے زائد کی قربانی دی۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں جاری عسکری تنازعے کے موثر حل کیلئے جامع مذکرات کے ذریعے امن کا دروازہ کھولنے کی کوشش کررہا ہے، عالمی ماحولیاتی تغیرات کے سنگین خطرات کے ازالے کیلئے بھی پاکستان متحرک ہے۔ انہوں نے کہاکہ بنی نوع انسان کو کوروناءسے محفوظ بنانے کے حوالے سے پاکستان کی کارکردگی بھی اقوام عالم سے پوشیدہ نہیں، پاکستان مقامی، علاقائی اور عالمی سطح پر مثبت اور تعمیری کردار ادا کررہا ہے.