اسلام آباد (گلف آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پی ڈی ایم ایک مختلف الاخیال لوگوں کا منفی اتحاد ہے جس کا مقصد موجودہ حکومت کو زق پہنچانا ہے اور اداروں پر دباو ڈال کر اپنے کرپشن کے کیسز سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے لہذا یہ بہت جلد منتشر ہو جائیں گے ،لانگ مارچ پر بھی اتفاق نہیں ، جب 31 جنوری کی ڈیڈ لائن ختم ہو گی تو یہ مل بیٹھیں گے ، پھر فیصلہ کریں گے صاف ظاہر ہے ان کی صفوں میں اتحاد نہیں ، بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے،ہم بھارت کے عزائم کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بین الاقوامی ،اہم علاقائی امور اور ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے اپنے بیان میں کہاکہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت اس خطے کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی مسلسل کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے وہ افغان امن عمل میں ایک سپائیلر(Spoiler) کا کردار ادا کر رہا ہے وہ نہیں چاہتا کہ افغانستان میں امن و استحکام ہو ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ہر سفارتی محاذ پر بھارت کا مقابلہ کر رہا ہے۔
بھارت واویلا کر رہا ہے کہ اسے سلامتی کونسل کے غیر مستقل ممبر ہونے کے ناطے بڑی کامیابی ملی ہے ،اسے تین کمیٹیوں کی صدارت کا موقع ملے گا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان بھی سلامتی کونسل کا غیر مستقل ممبر رہا ہے اور اس حوالے سے پاکستان کو بھی اہم ذمہ داریاں ملیں ۔ انہوںنے کہاکہ سلامتی کونسل میں تیس کے قریب کمیٹیاں اور ذیلی کمیٹیاں ہوتی ہیں اور غیر مستقل ممبر ہونے کے ناطے بھارت کو ذمہ داریاں ملنا کوئی اچنبھے کی بات نہیں لیکن دیکھنا یہ ہے کہ بھارت کی خواہش کیا تھی؟
انہوںنے کہاکہ بھارت کی خواہش تھی کہ اسے 1267 کی قدغن لگانے والی اہم کمیٹی کا ممبر بنا دیا جائے لیکن اسے ناکامی ہوئی ،بھارت کی خواہش تھی کہ نیوکلیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی کمیٹی کی صدارت اسے مل جائے جو اسے نہیں ملی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت چاہتا تھا کہ افغانستان کے حوالے سے کمیٹی میں شامل ہو جائے کیونکہ اسے افغانستان کے معاملات سے الگ تھلگ رکھا گیا جو اس کی خواہش پوری نہیں ہوسکی ۔
ہم نے بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کی پشت پناہی کے ناقابل تردید ثبوت پی 5 سمیت سب کے سامنے رکھے ہیں ،دنیا، سنتی سب کی ہے لیکن حقائق کو جانتی ہے اور سمجھتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم بھارت کے عزائم کو بے نقاب کرتے رہیں گے ہمارے اقوام متحدہ کی سطح پر، سلامتی کونسل کی سطح پر اپنے دوستوں کے ساتھ رابطے ہیں ہم اپنے مفادات کے تحفظ اور دفاع کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں ۔
انہوںنے کہاکہ امریکہ میں نئے صدر بائیڈن 20 جنوری کو باقاعدہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے وہ بطور سینیٹر، فارن ریلیشنز کمیٹی کے سربراہ رہے ہیں وہ اس خطے سے واقف ہیں وہ پاکستان بھی تشریف لا چکے ہیں ،وہ یہاں کی بہت سی شخصیات سے شناسائی رکھتے ہیں انہیں یہاں کے حالات و واقعات کا پورا ادراک ہے ہم بھی ان کی سوچ اور اقدار کو سمجھتے ہیں جیسے ہی امریکہ میں نئی ایڈمنسٹریشن منصب سنبھالے گی ہم ان کے ساتھ انگیج کریں گے ،اس حوالے سے میں عنقریب نئے سیکرٹری آف اسٹیٹ انتھونی بلنکن کو خط لکھوں گا ۔