پرویزالٰہی

قومی سلامتی کے اداروں کے حوالے سے منفی پراپیگنڈہ افسوسناک ہے، پرویزالٰہی

لاہور (گلف آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اورایم این اے مونس الٰہی سے مسلم لیگ ن کے بہاولنگر سے سابق ایم این اے اصغر حسین شاہ نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور چودھری شجاعت حسین اورچودھری پرویزالٰہی کی قیادت پراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کااعلان کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے حوالے سے منفی پراپیگنڈہ افسوسناک ہے، پاک فوج کا دنیا کی دس طاقتور افواج میں شمار قابل فخر اوراعزاز کی بات ہے، الحمدللہ افواج پاکستان ہمیشہ مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے اعتماد پر پورا اتری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام اور سیاسی انتشار پیدا کرنے کا ماحول ختم ہونا چاہئے، سیاسی قوتیں عوام کیلئے ڈلیور کریں جنہوں نے انہیں منتخب کیا، پاکستان مسلم لیگ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، پارٹی میں شامل ہونے والوں کو جماعت میں خوش آمدید کہتے ہیں، شامل ہونے والوں کوآئندہ بلدیاتی انتخابات میں میدان میں اتارا جائے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اپوزیشن کے استعفے نہ دینے اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں.

سینیٹ کے انتخابی محاذ کیلئے مشاورت سے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ اس موقع پر ایم این اے مونس الٰہی نے کہا کہ دنیا بھر میں بھارت کے منفی عزائم بے نقاب ہورہے ہیں، بھارت کے گھناﺅنے کھیل ان کے اپنے لوگوں کے ہاتھوں سامنے آرہے ہیں، عالمی دنیا نوٹس لے، بھارت امن سے کھیلنے کیلئے جھوٹے منصوبے بناتا ہے۔ اس موقع پر سابق ایم این اے اصغر حسین شاہ نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے ہمیشہ غریب عوام کیلئے آواز بلند کی، مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے عوام کی خدمت کریں گے.

اپنا تبصرہ بھیجیں