اسلام آباد (گلف آ ن لائن ) فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد لینے کے لئے پی ڈی ایم کا الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ ،احتجاجی مظاہرے میں جڑواں شہروں سمیت ملک بھر سے سیاسی کارکنوں نے بھرپور شرکت کی، اس موقع پر حکومت کیخلاف شدید نعرہ بازی کی گئی،احتجاج کے پیش نظر الیکشن کمیشن کی عمارت کے سامنے رکاوٹیں اور خاردار تاریں لگادی گئی ہیں جب کہ الیکشن کمیشن کی عمارت تک کے راستے کو مکمل سیل کردیا گیا ہے، مظاہرین سرینگر ہائی وے سے ریڈ زون میں داخل ہو سکیں گے۔
اپوزیشن کے احتجاج کی وجہ سے ریڈ زون میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے، ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جب کہ تمام اہم عمارتوں کی سکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کے اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں جن میں 1800 سے زائد پولیس جوان سکیورٹی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔اس کے علاوہ وزارت داخلہ میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں سے امن وامان کی صورتحال کی مانیٹرنگ کی جائے گی جب کہ سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے بھی ریڈ زون کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حکومت مخالف تحریک ( پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے الیکشن کمیشن میں 6 سال سے فارن فنڈنگ کیس التوا کا شکار، ہمارا احتجاج آئین کے مطابق ہے، حکومت کی طاقت معلوم ہیں، یہ ہمارا راستہ نہ کھولتے تو کنٹینر اٹھا کر پھینک دیتے فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں 6 سال سے فارن فنڈنگ کیس التوا کا شکار ہے اور حکومت درخواستیں دے کر فارن فنڈنگ کیس کو التوا دے رہی ہے ، پی ٹی آئی اپنے آپ کو حکمران جماعت کہتی ہے لیکن اس نے خفیہ دستاویزات، بینک اکاونٹس ظاہر نہیں کیے بلکہ چھپائے ہیں، دشمن قوتوں نے پی ٹی آئی کو فنڈنگ کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر ہم محتاط انداز میں گفتگو کررہے ہیں ، ہم بہت پرجوش بلکہ ہمارے جوش و خروش میں اضافہ ہو ا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا میڈیا آج اپنا قومی فرض سرانجام دے رہا ہے ۔قیادت مظاہرے کی طرف تیاربیٹھی ہے ہمارا احتجاج آئین کے مطابق ہے، حکومت کی طاقت معلوم ہے یہ ہمارا راستہ نہ کھولتے تو کنٹینر اٹھا کر پھینک دیتے، پانچ فروری کو راولپنڈی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جلسہ کریں گے۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا ہے کہ ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے فراڈ کانام پی ٹی آئی فارن فنڈنگ ہے۔اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کی جانب سے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کے دوران نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی کو خفیہ رکھنے کی 4 بار درخواستیں دیں، فارن فنڈنگ کیس کی صرف 70 سماعتیں ہوئیں جب کہ عمران خان نے کیس ملتوی کرانے کی 30 بار کوشش کی، پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے فراڈ کانام پی ٹی آئی فارن فنڈنگ ہے ۔