لاہور (گلف آن لائن)کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر محکمہ صحت پنجاب نے شہر کے 6 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاﺅن نافذ کر دیا۔محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر پنجاب نے اسمارٹ لاک ڈاﺅن کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے ۔جن علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاﺅن کا نفاذ کیا گیا ہے ان میںبیدیاں روڈ، ڈیفنس فیز تھری اور فائیو ،فیصل ٹائن، علامہ اقبال ٹاﺅن اور مناواں کے علاقے سیل ہوں گے ۔لاک ڈاﺅن والے علاقوں میں مارکیٹس، دفاتر اور ریسٹورنٹ بند رہیں گے۔
دریں اثناءملک میں کورونا وائرس سے مزید 40افراد انتقال کرگئے جبکہ ایک ہزار سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 31509ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1008افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 40 ہلاکتیں ہوئیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 12066ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 5لاکھ 56519تک جاپہنچے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 31510 ہے۔
24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1441مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 512943ہوگئی ۔پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 251434ہوگئی ہے جبکہ 4132افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 161347 ہے اور 4919افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18877اور ہلاکتیں 196 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 68625اور 1964ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں 9238افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 273افراد انتقال کرگئے۔گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4918اور 102افراد انتقال کرچکے ہیں۔پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 42080 ہے اور اب تک 480 مریض انتقال کرچکے ہیں۔
دو کالم