وزیر آباد/لاہور(گلف آن لائن) مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جو حالات نظرآرہے ہےں یہ نہ ہو کہ سینیٹ الیکشن کے دوران ہی کوئی تبدیلی آجائے ،حکمران جماعت میں ٹکٹوں کی تقسیم پر ہر صوبے سے لوگ کھڑے ہو گئے ہیں اور کیا 22سالہ جدوجہد میں ایک بھی ایسا انسان نہیں ملا جس کو آپ سینیٹ کا ٹکٹ دیتے، بیک ڈور رابطوں کی ضرورت ان کو ہے جو اس وقت مشکل میں ہیں، پی ڈی ایم یا مسلم لیگ(ن)کو بیک ڈور رابطوں کی ضرورت نہیں ہے، پی ڈی ایم کو توڑنے کے خواب دیکھنے والے خود بہت جلد ٹوٹیں گے اور ٹوٹتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
وزیر آباد روانگی سے قبل جاتی امراءمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نوا ز نے کہاکہ یوسف رضا گیلانی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے متفقہ امیدوار ہیں اور پی ڈی ایم نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ اپنے متفقہ امیدوار لائیں گے اور ایک دوسرے کو سپورٹ کریں گے۔انہوںنے کہاکہ اصل بات یہ ہے کہ عوام پر جو لوگ مسلط کیے جارہے ہیں، ہمیں عوام کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے ان کا راستہ روکنا ہے، مہنگائی سے مارے عوام میں اضطراب اور بے چین ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ حکمران جماعت میں ٹکٹوں کی تقسیم پر ہر صوبے سے لوگ کھڑے ہو گئے ہیں اور جس طرح سے پیراشوٹ سے لوگوں نے لینڈ کیا ہے، کیا 22سالہ جدوجہد میں ایک بھی ایسا انسان نہیں ملا جو آپ کے ساتھ جدوجہد کررہا ہے اور آپ اس کو سینیٹ کا ٹکٹ دیتے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے کروڑ پتی اور ارب پتی لوگوں کو ٹکٹ دیے، اس کا کیا مطلب یہ ہے کہ جن لوگوں نے جماعت کے لیے کوئی جدوجہد نہیں کی انہیں کہا جا رہا ہے کہ اپنے پیسوں سے ٹکٹ خریدو۔
انہوںنے کہاکہ ہمارے ایم پی ایز کو کالز کی گئیں، ڈرایا دھمکایا گیا لیکن وہ نہیں ٹوٹے ،ڈسکہ جیسے چھوٹے شہر میں بھرپور انتخابی مہم چلائی ، اگر آپ نے وہاں کوئی ایسی ویسی حرکت کی تو یہ عوام سے چھپا نہیں رہے گا ۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں ہمارے 7 نمائندوں کو توڑا گیا لیکن وہ سب کے سب ہار گئے ،عوام لوٹیروں کو منتخب نہیں کرتی.