یوسف رضا گلانی

بظاہر نظر آرہا اسٹیبلشمنٹ مکمل طورپر نیوٹرل ہے، اب پرفارمنس پر ووٹ ملیں گے، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (گلف آن لائن) پی ڈی ایم کے سینٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بظاہر نظر آرہا ہے اسٹیبلشمنٹ مکمل طورپر نیوٹرل ہے، وزیر اعظم کےلئے بھی اپوزیشن نے تعلقات کی بنیاد پر ووٹ دیئے تھے ،اب بھی اسی پرفارمنس پر ووٹ ملیں گے جبکہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی جانب سے سینٹ الیکشن لڑنے کے اعلان پر حکومتی حلقوں میں کھلبلی میچ گئی ہے ،پہلے اسمبلی کے اسپیکر بنے ، پھر وزیر اعظم اور اب چیئر مین سینٹ بھی بنیںگے ۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ملاقات کی جس میں سینٹ میں انتخاب ، موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اپنے رفقا ءکے ساتھ ملاقات کیلئے تشریف لائے،یہ انکا اپنا گھر ہے اور یہاں ان کے آنے کا مقصد جذبہ خیر سگالی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں، انشاءاللہ وہ کامیاب بھی ہونگے ۔

انہوںنے کہاکہ عام آدمی انتہائی پریشان ہیں کیونکہ مہنگائی اپنے عروج پر ہے ،اس مہنگائی کا ذمہ دار کون ہے؟ ممبران کو یہ احساس دلانا چاہتے ہیں کہ ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں قلمدان حوالے کرینگے تو ملک کہاں جائیگا ؟۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ عام آدمی کی مانگ ہے کہ ملک کے اہم اور کلیدی مناصب پر ایسے لوگوں کو آنا چاہیے جو ملک کو اس بحران سے نکالنے میں کوئی کر دار ادا کر سکیں اس حوالے سے یوسف رضا گیلانی اور ان کی شخصیت میدان میں آئی ہے اورمعاملے کو سنجیدہ بنادیا ہے اور آگے مزید سنجیدہ بنانا ہے ،اپنے ملک کے ساتھ وفاداری اور عام آدمی کے ساتھ ہمدردی کی علامت یہ ہے کہ ہم ان کو کامیاب بنائیں۔

مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں ، پی ڈی ایم میں شامل ہر جماعت ان کی حمایت کررہی ہے ،یہ ایک اچھا معرکہ لڑیں گے اور ہماری کوشش ہوگی کہ یہ معرکہ کامیابی کے ساتھ سر کر سکیں ،یہ ہمارے وزیر اعظم رہے ہیں سپیکر رہے ہیں اور اگر چیئر مین بنتے ہیں تویہ ان کااعزا ز ہے اور ہم سب کا اعزاز ہے ۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ میں پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن کے پاس حاضر ہوا ہوں ،میں پہلے ملاقات کر نا چاہ رہا تھا تاہم مولانا کی مصروفیات کی وجہ سے پہلے ملاقات نہیں ہوسکی اور اب ملاقات ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ میں پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں اور اکابرین کا مشکور ہوں ،انہوںنے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے نیشنل اسمبلی کی سینٹ کی سیٹ پر ٹکٹ دیا ہے اور اانشاءاللہ ہم کے امنگوں کی ترجمانی کریں گے

ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ میرا جہانگیر سے کوئی رابطہ نہیں ہوا اور نہ ہی ملاقات ہوئی ہے مگر وہ میرے عزیز ہیں انہیں کہنے کی ضرور ت نہیں ۔ میں عمران خان کا ترجمان نہیں ہوں ، بظاہر نظر آرہا ہے اسٹیبلشمنٹ مکمل طورپر نیوٹرل ہے ۔ ایک اور سوال پر انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ نواز نے وزیر اعظم کےلئے مجھے ووٹ دیا اور مجھے کامیاب بھی کرایا اور اب بھی اپوزیشن میں اکثریت (ن )لیگ کی ہے ،اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ہیں،انہوںنے میری حمایت کی ہے ، ماضی ماضی ہے آپ مستقبل کی بات کریں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں