رحمت اللعالمین سکالرشپ پروگرام کی رقم کو ایک ارب تک بڑھایا جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

لاہور (گلف آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیر اعلی آفس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورسینیٹ الیکشن پر تبادلہ خیال کیا گیا- ڈاکٹر شہباز گل نے پنجاب میں رحمت اللعالمین سکالر شپ کے اجراءپر وزیر اعلی عثمان بزدار کو مبارکباد دی – وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رحمت اللعالمین سکالرشپ پروگرام کی رقم کو ایک ارب تک بڑھایا جائے گا -اس نیک کام میں فنڈز میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے – پنجاب میں انٹرمیڈیٹ اور بی ایس آنرزکرنے والے تقریباً 15 ہزار طلباءو طالبات کو رحمت اللعالمین سکالر شپ کے تحت وظائف دیئے جائیں گے –

50 فیصد سکالر شپ میرٹ اور 50 فیصد ضرورت مند اور نادار طلباءو طالبات کو دیئے جائیں گے – سکالر شپ کی رقم بینکوں کے ذریعے فراہم کی جائے گی- انہوں نے کہا کہ رحمت اللعالمین سکالرشپ پروگرام میں حکومت پنجاب کے درجہ ایک سے چار تک کے ملازمین کے بچوں کا کوٹہ بھی مختص کیاگیاہے – ہر ضلع کی ایک یونیورسٹی میں رحمت اللعالمین چیئر بھی قائم کی جائے گی- محققین کو پی ایچ ڈی کے لئے سکالر شپ دئےے جائیں گے- اس جستجو کا محور عشق رسول کے تقاضوں کو نبھانا ہے-

وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کا ریاست مخالف بیانیہ دم توڑ چکا ہے-اپوزیشن عناصر صرف پراپیگنڈا کی سیاست پر زندہ ہیں-اڑھائی برس میں پنجاب کو ترقی کی راہ پر لے کر گئے ہیں-پہلی مرتبہ یکساں ترقی کے ویژن کے مطابق حقیقی ترقی کا سفرشروع ہواہے-سابق حکمرانوں نے ذاتی نمود و نمائش کیلئے صرف عمارتیں کھڑی کیں۔ عوام کی بنیادی ضرورتوں کو ماضی میں حکومتوں نے یکسر نظر انداز کیا۔گزشتہ حکومتوں نے عوام کی سہولت کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا-تحریک انصاف کی حکومت نے نظام کو تبدیل کرنے کیلئے بنیادی اصلاحات متعارف کرائی ہیں- ہماری ترجیح انسانی وسائل کی پائیدار ترقی ہے۔

ہم نے وسائل کا رخ عام آدمی کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کی جانب موڑ دیا ہے۔انتشار اور افراتفری کی سیاست نہ کامیاب پہلے ہوئی نہ اب ہوگی۔پاکستان کے عوام منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کر چکے ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ نبی کریمسے منسوب رحمت اللعالمین سکالر شپ کا اجراءہم سب کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے-ذہین و نادار طلباءو طالبات کو اعلی تعلیم کے حصول میں آسانی ہو گی-

اپنا تبصرہ بھیجیں