اسلام آباد (گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی نے تارے توڑ کر لانے کی بات کی تھی اور پرفارمنس زیرو ہے. میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں این اے 75 کے معاملے پر حاضر ہوئے ہیں،ڈسکہ میں کھلم کھلا پاکستان کے آئین کو چیلنج کیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کے سکواڈز موٹر بائیکوں پر فائرنگ کرتے رہے،پی ٹی آئی نے پری پلان دھاندلی کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ این اے 75 میں دوبارہ الیکشن کروایا جائے ہم نے الیکشن کمیشن میں استدعا کی ہے،کارکن کسی جماعت کا بھی ہو کسی کی جان سے کیوں کھیلا گیا۔
انہوںنے کہاکہ ریاست کے ملازمین کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ قانون کے مطابق کام کرنا ہے ،اس جماعت نے تارے توڑ کر لانے کی بات کی تھی اور پرفارمنس زیرو ہے۔ انہوںنے کہاکہ لنگر خانے کھول کر عوام کی خدمت ہوتی ہے اور نہ ہی ملک ترقی کرتا ہے۔خرم دستگیر نے کہاکہ حکومت پنجاب ناکام ہے 96گھنٹوں سے یہ معاملہ چل رہا ہے،الیکشن کمیشن کے 20 افسران کے فون بند ہو جانا حیران کن عمل ہے۔خرم دستگیر خان نے کہاکہ اس حکومت نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے،عوام کو جاننے کا حق حاصل ہے کہ ان کا ووٹ کہاں گیا ؟۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس جنگ کو فیصلہ کن بنائیں گے۔