گزشتہ روز راولپنڈی اور وفاقی دارالحکومت میں فائرنگ کے دو واقعات میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے، ہماری افواج اور پولیس نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے امن قائم کیا،افغانستان سے ٹی ٹی پی دوبارہ منظم ہورہی ہے، وزیرداخلہ شیخ رشید
اسلام آباد (گلف آن لائن) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی دوبارہ منظم ہورہی ہے، جب کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دہشت گردی کے و اقعات کاخدشہ ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز راولپنڈی اور وفاقی دارالحکومت میں فائرنگ کے دو واقعات میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے، جس کی مذمت کرتے ہیں، ہماری افواج اور پولیس نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے امن قائم کیا، زندگی کا کوئی معاوضہ نہیں ہے، تاہم شہدا کے لواحقین کے ساتھ پورا تعاون کیا جائے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پولیس اور فوج امن و امان قائم کرتی ہے، کل افواج نے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے، افغانستان سے ٹی ٹی پی دوبارہ منظم ہورہی ہے، جب کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دہشت گردی کے واقعات کاخدشہ ہے، تاہم دہشت گرد شکست کھائیں گے اور ملک میں امن و سکون کی فضا قائم ہوگی۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ اسلام آباد میں 3 ناکے ختم کریں گے، سارے ناکے فضول اور غریبوں کو تنگ کرتے تھے.