ترکی (گلف آن لائن) ترکی کے جنگلات میں لگی آگ تیسرے روز بھی جاری ہے،ایجیئن اور بحیرہ روم کے ساحل پر موجود 21 اضلاع کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں،آگ نے ستر سے زائد مقامات کو لپیٹ میں لے لیا، تینتالیس پر قابو پالیا گیا ہے، دیگر مقامات پر بجھانے کا کام جاری ہے،روسی ، ارجنٹائن اور یوکرائن کے طیارے بھی امدادی کارروائیوں میں شامل ہیں۔ جنگلات میں لگی آگ نے چار زندگیاں نگل لیں اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
بحیرہ روم اور بحیرہ ایجئن کے ساحلوں پر ریزورٹس اور آس پاس کے دیہات بھی زد میں ہیں، جہاں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہاہے، بوٹ کے ذریعے بھی منتقلی کا عمل جاری ہے، آگ پھیلنے کے خدشے کے باعث اناطولیہ میں 18 جب کہ عدانا اور مرسن میں 16 کے قریب دیہاتوں کو خالی کرالیا گیا ہے،ترک صدر طیب اردوان نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور بتایا کہ تینتالیس مقامات پر حالات قابو میں ہیں۔