ا
واشنگٹن (گلف آن لائن)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی سفارتی مشن معطل کر کے قطر منتقل کر دیا ہے، تسلیم کیے جانے اور تعاون حاصل کرنے کے لیے طالبان کو اقدامات کرنا ہوں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انٹونی بلنکن نے اپنے بیان میں کہا کہ نئی افغان حکومت سے تعاون امریکی مفاد کی روشنی میں کیا جائے گا، انسانی بنیادوں پر امداد جاری رہے گی ۔
انہوں نے کہا کہ امداد طالبان کے بجائے عالمی اداروں سے افغان عوام تک پہنچائیں گے، ہم قطر اور ترکی کی کوششوں کو سراہتے ہیں، خطے اور دیگر ممالک کے ساتھ بات چیت جاری رہے گی۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا، ایک لاکھ 23ہزار سے زائد افراد کو افغانستان سے بحفاظت منتقل کیا، افغانستان میں سو سے دو سو کے قریب امریکی رہ گئے ہیں صحیح تعداد کا تعین کر رہے ہیں ۔
انٹونی بلنکن کا مزید کہنا تھا کہ معلوم کر رہے ہیں کہ امریکی افغانستان سے نکلنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سفری دستاویزات رکھنے والوں کو ملک سے جانے کی اجازت ہوگی۔