فیاض الحسن

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام علیحدہ صوبے کے قیام کی جانب آخری قدم ہے’فیاض الحسن

لاہور(گلف آن لائن)صوبائی وزیر جیل خانہ و ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام سردار عثمان بزدار کا فقید المثال اور بے نظیر کارنامہ ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار جنوبی پنجاب کی عوام لیے نجات دہندہ بن کر آئے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب سے ملکی سیاست میں بہت وزرا، وزرائے اعلی، صدور آئے،جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا سہارا لے کر سیاست کرنے والے زمین بوس ہو گئے۔ انہوںنے کہا کہ اپوزیشن چاہتی تو جنوبی پنجاب صوبے کے قیام میں معاونت کر کے تاریخ رقم کر سکتی تھی لیکن اپوزیشن نے حسب توقع ذاتیات اور پارٹی کے مفادات کو عوام کے مفاد پر ترجیح دی ،جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ازالے کا سہرا سردار عثمان بزدار کے سر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام علیحدہ صوبے کے قیام کی جانب آخری قدم ہے،اس سے پہلے تمام انتظامی اور قانونی تقاضے سو فیصد پورے کر لیے گئے ہیں،اگلا اور آخری مرحلہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان حقیقی معنوں میں عوامی امنگوں کے ترجمان ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں