ہمایوں اخترخان

نظام تابعداری نہ کرے توجانبداری کا الزام لگانا (ن) لیگ کا پراناوطیرہ ہے’ ہمایوں اخترخان

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی تاریخ ہے کہ جب یہ دھاندلی کا الزام لگاتے ہیں یا تو انہیں اپنی شکست نظر آرہی ہوتی ہے یا یہ خود دھاندلی کا پروگرام تیار کر چکے ہوتے ہیں ،تحریک انصاف نے تو شفافیت کا نظام متعارف کرایا ہے اور اب (ن) والے بھی سن لیں انہیں کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی نہیں کرنے دیںگے ،سیاسی مخالفین نے حلقوںمیں ہوائوں کا رخ دیکھ لیا ہے اس لئے حواس باختہ ہو کر دھاندلی دھاندلی کا واویلا کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں حلقے کے اکابرین اور پارٹی امیدواروں سے کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ ہم گزشتہ کئی دنوں سے حلقے میںہیں اور عوام سے رابطے رکھے ہوئے ہیں جبکہ ہمارے سیاسی مخالفین کے کیمپوںمیں ویرانوںاور خاموشی نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ آپ کی قیادت نے جلسوںمیں جس طرح قومی سلامتی کے اداروںکے خلاف منفی بیانیہ اپنایا کیا عوام یا کارکن آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلے گا ؟۔

انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو نہ صرف دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ کوروناوباء کی خطرناک لہروںکے باوجودمعیشت کواپنے پائوں پر کھڑا کیا ہے اور انشا اللہ آئندہ دو سالوں میں ترقی کے سفر کی رفتار مزید تیز ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے رہنما دھاندلی دھاندلی کرنے کی بجائے ثبوث سامنے لائیں ، جب نظام آپ کی تابعداری نہ کرے تو آپ جانبداری کا الزام لگا دیتے ہیں جوآپ کا پرانا وطیرہ ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں