قومی ون ڈے

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے 20 رکنی قومی ون ڈے اسکواڈ کا اعلان

لاہور(گلف آن لائن)قومی کرکٹ کے سلیکٹرز نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے 20 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔ سیریز میں شامل تینوں میچز آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ یہ میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔

اعلان کردہ 20 رکنی اسکواڈ میں مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ اور افتخار احمد کی واپسی ہوئی ہے جبکہ نوجوان فاسٹ بالرز شاہنواز دھانی،محمد وسیم جونیئر ، محمد حارث اورزاہد محمود کو پہلی مرتبہ قومی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔انگلینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شرکت کرنے والے حارث سہیل، سلمان علی آغا، سرفراز احمد اور صہیب مقصود نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں جگہ نہیں بناسکے۔پاکستان ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میںبابراعظم (کپتان ( ، شاداب خان(نائب کپتان،عبداللہ شفیق،امام الحق ، فخر زمان، فہیم اشرف، خوشدل شاہ،افتخار احمد، حارث رئوف،حسن علی، محمد حارث اور محمدرضوان(وکٹ کیپرز)، محمد حسنین، محمد نواز،محمد وسیم جونیئر ، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی ، شاہنواز دھانی، عثمان قادراور زاہد محمود شامل ہیں۔چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم محمد وسیم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل یہ سیریز ہمارے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کوالیفائرز کا بھی حصہ ہے، لہٰذاہم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو منتخب کرکے ایک متوازی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ بدقسمتی سے شاہنواز دھانی کو لاجسٹک مسائل کی وجہ سے ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں عمدہ کارکردگی کے باوجود انگلینڈ کے لیے اسکواڈ میں جگہ نہیں مل سکی تھی تاہم انہیں اب نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

محمد وسیم نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد وسیم جونیئر کو وائیٹ بال کرکٹ میں مزید مواقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ شاداب خان اور عثمان قادر کی موجودگی کے باوجود لیگ اسپنر زاہد محمود کو اسکواڈ میں شامل کرنے کی وجہ ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو ہوم سیریز میں موقع دینا ہے۔ لیگ اسپنر نے جنوبی افریقہ کے خلاف وائیٹ بال ہوم سیریز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔وہ پچاس اوورز طرز کی کرکٹ میں ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتر کھیل پیش کرچکے ہیں۔

محمد وسیم نے کہا کہ محمد رضوان ہمارے فرسٹ چوائس وکٹ کیپر ہیں، لہذا فیصلہ کیا گیا ہے کہ سرفراز احمد کی جگہ 20 سالہ محمد حارث کو اسکواڈ میں شامل کیا جائے ، ا س سے نہ صرف محمدحارث کو ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا صلہ ملے گا بلکہ انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم کے ماحول میں وقت گزارنے کا موقع بھی ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مڈل آرڈر بیٹنگ ہمارے لیے ایک خدشہ رہا ہے تاہم چند مختلف کھلاڑیوں کو آزمانے کے بعد ہم نے دوبارہ افتخار احمد اور خوشدل شاہ کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔یہ دونوں بلے باز وائیٹ بال کرکٹ کا مناسب تجربہ رکھتے ہیں۔ پرامید ہوں کہ یہ ہوم کنڈیشنز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ اسکواڈ میں جگہ نہ ملنے پر چند کھلاڑی مایوس ضرور ہوئے ہوں گے تاہم پاکستان کو آئندہ چند ماہ میں بہت کرکٹ کھیلنی ہے جس میں محدود طرز کی کرکٹ کے میچز کی تعداد بھی زیادہ ہے، لہذا جو کھلاڑی اس اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں ، انہیں آئندہ میچز میں مواقع مل سکتے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں