اسلام آباد (گلف آن لائن)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکہ چھیالیس ممالک کے ساتھ شکست سے دوچار ہوا افغانستان میں ایمان جیت گیا ،اسلحہ ہار گیا افغانستان کی آزادی سے کشمیر و فلسطین کی آزادی کی راہیں ہموار ہوگئی ہیں ،سید علی گیلانی کا مشن بھی ضرور کامیاب ہوگا ،کشمیر بنے گا پاکستان کے لئے قومی پلان سامنے لایا جائے۔
جمعہ کو بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کا غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ آج پاکستان اور افغانستان میں یوم تشکر منایا جارہا ہے ،مسلسل 20 سال عوام پر گولیوں کی بارش کی گئی اور آزادی کو سلب کیا گیا افغان عوام نے انگریزوں، روسیوں اور اب امریکیوں کا مقابلہ کیا دنیا کے 46 افواج اور جدید اسلحہ کے۔ باوجود تکبر اور غرور کو شکست ہوئی یہ صرف افغانوں کی نہیں پاکستان کی بھی کامیابی ہے اس تحریک کی کامیابی سے کشمیریون اور فلسطینیوں کو حوصلہ ملا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ سید علی گیلانی ہم سے جدا ہوگئے ہیں، ان کے غم میں سوگوار ہیں ،ہم دعا گو ہیں کہ ان کا نظریہ کشمیر بنے گا پاکستان جلد پروان چڑھے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاکہ جیسے ہمارا کشمیر پر موقف ایک ہے ایسے ہی نظریے کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ڈپٹی وزیرخارجہ کا عہدہ متعارف کرایا جائے جس کا مشن کشمیر کی آزادی ہوانہوں نے سید علی گیلانی کے نام کے ساتھ بڑی شاہراہ کو منسوب کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔