حمزہ شہباز

مہنگائی کا نیا سیلاب عوام کو بہا لے جائے گا’ حمزہ شہباز

لاہور(گلف آن لائن)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ وزیراعظم سمیت پوری حکومتی مشینری کی توجہ اپوزیشن کے خلاف جھوٹے کیسز بنانے پر مرکوز ہے جبکہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں،ہفتہ وار مہنگائی کی شرح ساڑھے 12 فیصد ہو گئی ہے،ایک ہفتے میں آٹا مرغی پیاز سمیت 17 اشیا ء مہنگی ہوئیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمران اپوزیشن پر جھوٹے کیسوں سے جن میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کر سکے کیا اس سے غریب کا ٹھنڈا چولہا جل جائے گا؟ ،آٹے کا تھیلا مہنگا ہو گیا لیکن کسی کو پرواہ تک نہیں ،خدا کا خوف کرو ورنہ وہ عوام ہی نہیں رہیں گے جن کے سر پر تم مسلط کر دئیے گئے ہو۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ اس حکومت نے ملکی تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خریدی ہے ،مہنگائی کا نیا سیلاب عوام کو بہا لے جائے گا ،ڈالر کی قیمت بھی 166 روپے تک پہنچ گئی ہے، تجارتی خسارہ نئے ریکارڈ توڑ رہا ہے،حکومت کی خوشحالی اور ترقی کی باتیں صرف اشتہارات تک محدود ہیں لیکن عوام ان کی حقیقت اچھی طرح سے جان چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ پر ہی بتا دیا تھا کہ مہنگائی کا نیا سیلاب آئے گا، حکومتی ترجمانوں کی بے حسی کا عالم یہ ہے کہ وہ گاڑیوں کی فروخت کو خوشحالی سے تعبیر کرتے ہیں،وزیراعظم سیمنٹ اور سریے کی فروخت کو ترقی کہتے ہیں کیا لوگ سیمنٹ اور سریا کھا کر اپنا پیٹ بھریں؟ ،جتنی توجہ ذاتی انتقام پر دی جا رہی ہے اس کا آدھا بھی عوام کی حالت بدلنے پر لگائی ہوتی تو آج یوں اشتہارات چھپوا کر کارکردگی نہ بتانا پڑتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں