برآمدات

گزشتہ سال اگست کی نسبت رواں سال چین کو برآمدات میں 109 فیصد اضافہ

کراچی(گلف آن لائن)رواں مالی سال کے دوران اگست میں سالانہ بنیادوں پر امریکہ، یورپی یونین اور چین کو برامدات میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ سال اگست کی نسبت رواں سال چین کو برامدات میں 109 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق امریکہ کو برآمدات 60 فیصد، سپین 60 فیصد اور ہالینڈ کو برآمدات میں 46 فیصد اضافہ ہوا، وزارت کے مطابق افغانستان کو برآمدات میں 38فیصد، ڈنمارک 24 ساوتھ کوریا کو برامدات میں32 فیصد کمی ریکارڈکی گئی۔انڈونیشیا کو برآمدات میں 20 فیصد، سنگاپور 77 فیصد چیک ری پبلک کو 32 فیصد کمی ہوئی ہے، اعداد و شمار کے مطابق ہوم ٹیکسٹائل مردانہ ملبوسات، کاٹن فیبرک، چاول پھلوں سبزیوں کی برآمدات میں گزشتہ سال کی نسبت اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ آلات جراحی، مچھلی اور اس سے بنی مصنوعات،

سیمنٹ، خیمے اور لکڑی کی مصنوعات کی برآمدات میں کمی ہوئی۔ہوم ٹیکسٹائل کی برآمدات 50 فیصد اضافے کے ساتھ 38 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہیں، مردانہ ملبوسات کی برامدات 25 کروڑ 61 لاکھ 70 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 37 کروڑ 71 لاکھ 40 ہزار ڈالرز رہیں۔اگست میں چاول کی برآمدات 43 فیصد اضافے کے ساتھ 14 کروڑ 20 لاکھ 50 ہزار ڈالرز، جرسیوں کی برآمدات 70 فیصد اضافے کے ساتھ 7 کروڑ 28 لاکھ 20 ہزار ڈالرز رہیں۔سالانہ بنیادوں پر اگست میں پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں 63 فیصد اضافہ ہوا، اس کے علاوہ آلات جراحی کی برآمدات 4 فیصد، مچھلی اور اس سے بنی مصنوعات کی برآمدات 24 فیصد کم ہوئیں۔گزشتہ سال کی نسبت رواں سال اگست میں سیمنٹ کی برآمدات میں 56 فیصد ،خیموں اور کینوس کی برآمدات 24 فیصد، لکڑی اور لکڑی سے بنی مصنوعات کی برآمدات میں 67 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں