ثمینہ عارف علوی

پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کیلئے ہرشخص کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے،ثمینہ عارف علوی

ملتان(گلف آن لائن)خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کیلئے ہرشخص کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے،خصوصی افرادپر توجہ دے کر انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایاجاسکتا ہے، نیک نیتی سے شروع کیا جانے والا کام اپنی منزل پا لیتا ہے،چلڈرن کمپلیکس ملتان نے بچوں کی دل کی سرجری کا آغازکرکے اہم سنگ میل عبور کیا ہے جس کیلئے یہاں کی انتظامیہ اور غیرسرکاری تنظیم ”تارے زمین پر” مبارکباد کے مستحق ہیں۔

وہ بدھ کو چلڈرن کمپلیکس ملتان میں اطفال کی دل کی سرجری کے یونٹ کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ثمینہ عارف علوی نے کہاکہ میرے لیے آج خوشی کا دن ہے کہ میں آج اولیا کی دھرتی پر موجودہوں۔ یہاں پر این جی او ” تارے زمین پر” کی سی ای او فادیہ کاشف انسانیت کی فلاح وبہبود کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں معاشرے میں مثبت تبدیلیاں اور خدمات سرانجام دینے والے مخیر حضرات سے بھی گزارش کروں گی کہ وہ بھی فادیہ کاشف جیسے منصوبوں پر کام کا آغاز کریں کیونکہ آج چلڈرن کمپلیکس ملتان میں بچوں کے دل کی سرجری کے یونٹ کے آغاز میں پنجاب حکومت کے ساتھ ”تارے زمین پر” کی بھی بھرپور معاونت شامل ہے۔

خاتون اول نے کہاکہ آج ملتان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے اور اب یہاں کی عوام کودل کے امراض میں مبتلا بچوں کے علاج معالجے کیلئے لاہور اور دیگر شہروں کا رخ نہیں کرناپڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی منصوبے کے آغاز میں متحرک شخصیات کی دلچسپی لازمی ہوتی ہے اور حکومت کو ایسے افراد کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

ثمینہ عارف علوی نے مزید کہاکہ ہمارے معاشرے کی خواتین کو بھی ملکی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے کیونکہ حکومت بھی سماجی پروگراموں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے جن کی واضح مثال احساس پروگرام، کامیاب جوان پروگرام اوردیگر منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری خواتین باصلاحیت اور پر اعتماد ہیں انہیں اپنی صلاحیتوں کا اعتراف کرانے کیلئے مناسب پلیٹ فارم کی ضرورت ہے جبکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد وشمار سے بھی واضح ہوتا ہے کہ ہماری خواتین کی کاروبار کیلئے قرض حاصل کرنے کی شرح بہت کم ہے۔انہوں نے کہاکہ جب بھی کوئی کام نیک نیتی سے شروع کیا جائے تو منزل آسان ہو جاتی ہے اور ہمیں نیک نیتی سے کام کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این جی او ”تارے زمین پر” کی سی ای او فادیہ کاشف نے کہاکہ آج میری زندگی کااہم دن ہے کیونکہ جو خواب میں نے دیکھا تھا آج وہ شرمندہ تعبیرہورہاہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ادارہ صحت کے شعبوں کے علاوہ دیگر سماجی پروگراموں میں بھی حکومت اورد یگر ادارے کے ساتھ مل کر کام کررہاہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چلڈرن کمپلیکس ملتان کے سربراہ ڈاکٹر وقار ربانی نے کہاکہ چلڈرن کمپلیکس کی بنیاد 2002 میں رکھی گئی تھی اوراس وقت یہاں صرف 12ڈاکٹرز کام کرتے تھے جبکہ آج یہاں پر سینکڑوں ڈاکٹر کام کررہے ہیں اور ہمارے لیے بھی آج خوشی کا دن ہے کہ یہاں پر اطفال کے امراض قلب کی سرجری کاآغاز کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں مخیرحضرات سے بھی اپیل کروں گا کہ وہ اس فلاحی منصوبے میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔اس موقع پر رضیہ شیخ، ڈاکٹر محمد علی بخاری اور ڈاکٹر سہیل ارشد نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں