فواد چوہدری

حکومت بابائے قوم کے ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریگی، چودھری فواد حسین

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق روشن، پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان ہی ہمارا مقصد ہے۔

ہفتہ کو قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات کے موقع پر اپنے پیغام میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بابائے قوم کی قیادت میں پاکستان ایک خودمختار ریاست بن کر ابھرا جس پر قوم قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی تعلیمات اور ان کے فرمودات کی اہمیت موجودہ دور کے مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ بابائے قوم کی دور اندیشی اور سیاسی بصیرت نے قوم کی تقدیر بدلنے کے لئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط جیسے رہنما اصول وضع کئے تھے تاکہ تمام مسائل کا مل کر مقابلہ کیا جا سکے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آج ہمارے مسائل کی بڑی وجہ ان تعلیمات سے دوری ہے، ہمیں پرامن، ترقی پسند اور جمہوری سوچ کو پروان چڑھانے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بابائے قوم کے ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں