مرتضی وہاب

پی ٹی وی فیس جمع ہوتی ہے، بلدیہ عظمی کیلئے ٹیکس اکھٹا نہیں کیا جاسکتا؟ مرتضی وہاب

کراچی(گلف آن لائن)ایڈمنسٹریٹرکراچی بیرسٹرمرتضی وہاب نے کہاہے کہ پی ٹی وی لائسنس کی فیس جمع کیوں ہوتی ہے؟ کیا وجہ ہے کے الیکٹرک سے بلدیہ عظمی کے لئے ٹیکس اکھٹا نہیں کیا جاسکتا؟ہفتہ کومرتضی وہاب نے بحیثیت ایڈمینسٹریٹر بابائے قوم کی 73ویں برسی کے موقع پر مزار پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم سب اس پاکستان کے لئے کام کریں گے، جس کا خواب انھوں نے دیکھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میرا اپنا شہر ہے، ویسے بھی گھومتا ہوں اور بارش میں بھی گھومتا پھرتا رہا۔ تمام اداروں نے بارش کی صورتحال میں مل کر اچھا کام کیا۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف والے پچھلے سال تک وسیم اختر کو الزام دیتے تھے۔ اب مجھے الزام دے رہے ہیں، وفاقی وزیر تو سڑکوں پر نہیں گھوم رہا تھا، کراچی والی گھوم رہے تھے۔مرتضی وہاب نے کہا کہ وسیم اختر چار سال تک یہ کہتے رہے کہ اختیارات نہیں ہیں، اگر اختیارات نہیں تھے تو پھر میں کس چیز پر قابض ہو رہا ہوں؟ 2008 سے میونسپل ٹیکس اکھٹا کیا جا رہا ہے، وسیم اختر نے بھی اکٹھا کیا، فرق یہ ہے کہ میں ٹارگٹ پورا کروں گا۔

ایڈمینسٹریٹر کراچی نے کہاکہ گورنر سندھ سے پوچھتا ہوں، پی ٹی وی لائسنس کی فیس کے الیکٹرک کے ذریعے جمع کیوں ہوتی ہے؟ کیا وجہ ہے کے الیکٹرک سے بلدیہ عظمی کے لئے ٹیکس اکھٹا نہیں کیا جاسکتا؟انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکس کے ایم سی کے اکائونٹ میں جائے گا۔ میں تو عبوری ایڈمینسٹریٹر ہوں میں چلا جائوں گا۔ آنے والے میئر کے پاس کے ایم سی کے اکائونٹ میں پیسہ ہوگا۔ وہ میئر وسیم اختر کی طرح یہ اختیارات اور مالی وسائل کا رونا نہیں روئے گا۔انہوں نے کہاکہ وفاقی ادارے بھی کے ایم سی کی مدد کریں تاکہ ہم کام کر سکیں۔ حکومت سندھ نے شوکت ترین اور نیپرا کے چیئرمین سے بات کی ہے اور انہوں نے اس معاملے پر ہمارے موقف کی حمایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں