کاٹن مارکیٹ

مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے روئی کی قیمتو ں میں کمی ،جنرز اور بیوپاری مشکلات کا شکار

کراچی ( گلف آن لائن)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ٹیکسٹائل و اسپننگ ملز کی روئی کی خریداری جاری رہی جبکہ جنرز بھی فروخت میں مصروف رہے لیکن روئی کے دام میں اچانک مندی کا زور بڑھنے کی وجہ سے جنرز پر گھبراہٹ طاری ہوگیا اور ہر دام پر روئی فروخت کرنا شروع کردی روئی کے نرخ میں زبردست مندی کے باعث پھٹی کانرخ بھی تیزی سے کم ہونے لگا اس طرح جنرز اور پھٹی کے بیوپاری پریشان ہونے لگے جیسے جیسے روئی کے نرخ میں گراوٹ ہوتی رہی اسی طرح ٹیکسٹائل ملز بھی پیچھے ہٹتے ہوئے گاہے گاہے خریداری کرتے رہے۔اس طرح روئی کے نرخ میں فی من 1000 تا 1200 روپے کی غیر معمولی کمی واقع ہوگئی کئی جنرز گرتی ہوئی مارکیٹ میں روئی مناسب نرخ پر فروخت نہیں کر سکے انہیں مجبوراً کم دام میں روئی فروخت کرنی پڑی گو کہ بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں میں روئی کا نرخ نسبتاً مستحکم رہا۔

ماہرین نے روئی کے نرخ میں تیزی سے مندی میں آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے باعث کوالٹی پرابلم 2 تا 3 مہینوں سے درآمد کی ہوئی روئی کی شپمنٹ رکی ہوئی تھی وہ آنا شروع ہوگئی۔ روئی کے نرخ میں بے تحاشا اضافہ کے باعث کئی ٹیکسٹائل ملز کی بینک لمٹس کم ہونے لگی دوسری جانب کاٹن یارن کی ترسیل کم ہوئی اور کاٹن یارن اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدی شپمنٹ میں غیر معمولی تاخیر کے سبب مالی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت بھی اثر انداز ہوتی رہی ہے۔بہر حال صوبہ سندھ میں روئی کانرخ تقریبا 1200 روپے کی کمی کے ساتھ کوالٹی کے حساب سے فی من 12000 تا 13200 روپے پھٹی کا نرخ 400 تا 500 روپے کم ہوکر فی 40 کلو 5000 تا 5600 روپے بنولہ کا نرخ فی من 1550 تا 1650 روپے رہا صوبہ پنجاب میں روئی کا نرخ تقریبا 1000 روپے کی کمی کے بعد تقریبا فی من 13100 تا 13300 روپے رہا جبکہ پھٹی کا نرخ فی 40 کلو 5200 تا 5700 روپے رہا بنولہ کا نرخ فی من 1650 تا 1750 روپے رہا صوبہ بلوچستان میں روئی کانرخ فی من 13100 تا 13200 روپے پھٹی کا نرخ فی 40 کلو 5900 تا 6400 روپے رہا بنولہ کا نرخ فی من 1700 تا 1800 روپے رہا۔

کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 800 روپے کی کمی کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 13100 روپے پر بند کیا۔کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں میں مجموعی طور پر ملا جلا رجحان رہا نیویارک کاٹن کا نرخ فی پونڈ 92.50 تا 94.70 امریکن سینٹ کے درمیان رہا۔ دریں اثنا یو ایس ڈی اے نے اپنی ہفتہ وار ایکسپورٹ اینڈ سیل رپورٹ شائع کردی جس کے مطابق امریکا کی کاٹن فروخت میں ٹریڈرز کی توقع کے مطابق زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ امریکا کی کاٹن فروخت سیزن 2021-22 میں 4 لاکھ 53 ہزار بیلز رہی۔ جو گزشتہ ہفتے سے 330 فیصد زیادہ ہے۔ ٹریڈرز جن خریداروں کو سب سے زیادہ دیکھنا چاہتے تھے یعنی چین اور پاکستان دونوں بالترتیب امریکن کاٹن کے پہلے اور دوسرے بڑے خریدار رہے۔

کوویڈ 19 کی وجہ سے شپنگ سرگرمیاں سست ہونے اور سمندری طوفان سے امریکن شیپنگ ٹرمینلز متاثر ہونے کی وجہ سے ایکسپورٹ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی طور پر امریکہ کی کاٹن فروخت بہتر اور ڈالر انڈیکس میں کمی کے باعث نیو یارک کاٹن میں مزید بہتری کی توقع کی جاسکتی ہے۔ برازیل وسطی ایشیا کی ریاستیں افریقہ وغیرہ میں روئی کا نرخ مجموعی طور پر مستحکم رہا بھارت میں نئی سیزن کی روئی کی آمد شروع ہونے کی وجہ سے گزشتہ پورا ہفتہ بھا میں بلکل اتار چڑھا نہیں دیکھا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں