کراچی(گلف آن لائن)لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی سینٹرل جیل سے میٹھارام ہاسٹل منتقلی پر سندھ ہائی کورٹ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ، آئی جی جیل خانہ جات اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وفاق سمیت فریقین کو 1 ماہ میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔سندھ ہائیکورٹ میں بدھ کو لیاری گینگسٹرعزیر بلوچ کی سینٹرل جیل سے منتقلی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔عزیر بلوچ کی والدہ رضیہ بیگم نے درخواست میں بتایاکہ عزیر بلوچ کو میٹھارام ہاسٹل منتقل کردیا گیا ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ نے اس مقصد کے لیے 9جون2020 کو نوٹیفکیشن جاری کیا اوراس کے مطابق میٹھارام ہاسٹل کوسب جیل قرار دیا گیا۔درخواست میں کہا گیاہے کہ سب جیل قرار دینے کے لیے حکام نے عدالت سے اجازت حاصل نہیں کی اورعزیر بلوچ کے خلاف تاحال متعدد مقدمات زیرسماعت ہیں جبکہ زیر سماعت قیدی عدالتی تحویل میں جیل میں ہوتے ہیں۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مقدمات زیر سماعت ہونے والے قیدی کو رینجرز کی تحویل میں نہیں رکھا جاسکتا کیوں کہ غیر قانونی تحویل سے قیدی کے شفاف ٹرائل سمیت دیگر حقوق متاثر ہوتے ہیں۔سندھ ہائی کورٹ نے اس درخواست پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ،آئی جی جیل خانہ جات اوردیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وفاق سمیت فریقین کو 1 ماہ میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔