مسرت جمشید چیمہ

کرپشن میں لتھڑے ہوئے نظام کو شفافیت سے بدلناآسان ہدف نہیں ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( گلف آن لائن)چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہاہے کہ شریف خاندان کے زیادہ تر افراد پاکستان سے مفرور ہیں اورجو یہاں موجود ہیں وہ بھی کسی نہ کسی طرح اڑان بھرنے کی تدبیریں کر رہے ہیں لیکن ان کے حواری نام نہاد انقلاب برپا کرنے کی بڑھکیں لگاتے نہیں تھکتے،کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے چاروں صوبوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور نشستوں کی تعداد کے لحاظ سے مجموعی طو رپر پہلانمبر ہے۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ماضی میں اقتدار کے بل بوتے پر کرپشن اورلوٹ مار کرنے والوں کی جڑیں کمزورہو رہی ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب کرپشن کرنے والے اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کرپشن میں لتھڑے ہوئے نظام کو شفافیت سے بدلنے کا بیڑہ اٹھایا ہے اور یہ کوئی آسان ہدف نہیں ہے ۔

پاکستان میں جس طرح ہر شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے ماضی میں اس کی کوئی مثال موجود نہیں اور یہی وجہ ہے کہ فرسودہ اور بوسیدہ نظام کے ذریعے اپنا تسلط قائم کرنے والوں کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ ای ووٹنگ مشینوں کا منصوبہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے اوردھاندلی کے ذریعے مسلط رہنے والے اس جدید نظام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں