کراچی(گلف آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے گٹکے اور ماوے کی تیاری و فروخت سے متعلق آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر جمع کرائی گئی پولیس حکام کی رپورٹ پر درخواست گزار مزمل میئو ایڈووکیٹ سے جواب الجواب طلب کرلیا۔
جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس کے کے آغا اور جسٹس ارشاد علی شاہ پر مشتمل بینچ نے گٹکے اور ماوے کی تیاری و فروخت سے متعلق آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پرسماعت کی۔ آئی جی سندھ کی جانب سے پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی۔رپورٹ میں کہا گیاہے کہ گٹکے اور ماوے کی تیاری و فروخت کیخلاف سخت ایکشن لے رہے ہیں۔2021میں ایک ہزار 572مقدمات درج کیے۔ اب تک 2 ہزار 5 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔ 34 ہزار ایک سو ایک کلو گرام گٹکا اور ماوہ ضبط کیا گیا۔ عدالت نے پولیس کو گٹکے اور ماوے کیخلاف کریک ڈائون جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست گزار مزمل مئیو ایڈووکیٹ سے جواب الجواب طلب کرلیا۔