ہمایوں اختر خان

لاہور کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں بہت کچھ ہوا ،(ن) کے ہتھکنڈوں کا مکمل تیاری کیساتھ مقابلہ کرینگے’ ہمایوں اختر خان

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیرہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی سیاست چمکانے کی بجائے ملک کو درپیش پیچیدہ اور دیرینہ مسائل کی تشخیص کر کے انہیں اصلاحات جیسے مشکل عمل سے ٹھیک کرنے کی عملی کاوشیں کر رہے ہیں ، مسلم لیگ (ن ) اور پیپلز پارٹی والے بخوبی جانتے ہیں کہ اگر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا نظام آگیا تو ان کی پنجاب اور سندھ میں جعلی سبقت ختم ہو جائے گی ،لاہور میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں بہت کچھ ہوا ہے لیکن یہ مسلم لیگ(ن) کیلئے آخری موقع تھا اب ہم ان کے ہتھکنڈوں کا پوری تیاری کے ساتھ مقابلہ کریں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرچوہدری ناصر محمود ایڈووکیٹ، چوہدری عمر طالب ایڈووکیٹ ،فیصل حاکم بھٹی،امتیاز سندھو، صیام چوہدری اوردیگر بھی موجودتھے ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروںنے میدان میں رہ کر زبردست مقابلہ کیا ،ہم عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے کیونکہ یہی ہماری طاقت ہیں۔ سعد رفیق کے بارے میں الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ موجود ہے کہ وہ کس طرح گھوسٹ پولنگ اسٹیشنز، بوگس ووٹرلسٹوں اور پولنگ سٹاف کی ہیر اپھیری سے کام چلاتے ہیں اورلاہور کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں یہ ساری چیزیں ہوئی ہیں ،ہم آئندہ انتخابات میں مزید تیاری کے ساتھ ان کا مقابلہ کریں گے اور ان کے منفی ہتھکنڈوںکو ناکام بنائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اسی لئے کوشش کر رہی ہے الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام لایا جائے جس سے ان کی جعلی سبقت ختم ہو جائے گی اور اسی لئے یہ لوگ مزاحمت کر رہے ہیں۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت کا عوام کی نبض پر ہاتھ ہے اور عوام کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے نیک نیتی کے ساتھ دن رات کاوشیں جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں