لاہور(گلف آن لائن) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)نے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کو جعلی اکائونٹس اور منی لانڈرنگ کے معاملے پر سوالنامہ بھجوا دیا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو 20 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ بھجوا دیا۔ ایف آئی اے نے سابق وزیراعلی پنجاب کی رہائش گاہ 96 ایچ ماڈل ٹائون میں سوالنامہ ریسیو کروا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں بطور اپوزیشن لیڈر ان کے چیمبر میں بھی سوالنامہ فکس کروا دیا گیا ہے۔ یہ وہی سوالنامہ ہے جس کے جوابات لیگی صدر نے ابھی تک جمع نہیں کروائے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے 8 اکتوبر تک بذریعہ فیکس، ای میل کے ذریعے جواب جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے جوابات جمع نہ کروانے پر سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے مسلسل عدم تعاون پر 9 اکتوبر کو عدالت کو آگاہ کرے گی۔