احسن اقبال

فواد چوہدری کہتے ہیں ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ پورا کرلیا ہے ،مجھے لگتا ہے پوری حکومت کسی نشے پر لگ گئی ہے،احسن اقبال

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما، سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کہتے ہیں ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ پورا کرلیا ہے ،مجھے لگتا ہے پوری حکومت کسی نشے پر لگ گئی ہے،حکومت پی ایم سی کے کالے قانون کو فوری واپس لے، نوجوان ڈاکٹرز کے مطالبات کو تسلیم کرے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما، سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ فواد چوہدری کہتے ہیں کہ ہم نے 1 کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ پورا کر لیا۔انہوں نے کہا کہ انہیں اس بد ترین مہنگائی میں روزگار دینے کا وعدہ پورا ہوتا نظر نہیں آتا، لوگ دہائیاں دے دے کر اس حکومت کے لیے بد دعائیں کر رہے ہیں۔احسن اقبال نے کہاکہ عوام نہ بچوں کی فیس دے سکتے ہیں، نہ بجلی اور گیس کے بل، حکومت اتنی بے حس ہے کہ قوم کے احتجاج پر بھی تشدد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج پر لاٹھی چارج کی مذمت کرتا ہوں، ملک بھر کے ڈاکٹرز پی ایم سی کے کالے قانون کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔رہنما نون لیگ نے کہا کہ ڈاکٹرز کی ڈگری کو تسلیم نہیں کیا جا رہا، یہ زیادتی ہے، حکومت ڈاکٹرز پر لاٹھیاں برسا رہی ہے، انہیں جیلوں میں ڈال رہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پی ایم سی کے کالے قانون کو فوری واپس لے، نوجوان ڈاکٹرز کے مطالبات کو تسلیم کرے۔احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے 10 ہزار میگا واٹ بجلی کے پلانٹ لگائے، 2 ہزار کلو میٹر تک موٹر ویز بنائیں، اس حکومت کے قرضوں کے عوض قوم کو غربت اور مہنگائی ملی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں