ہمایوں اختر خان

اپوزیشن خود کو درپیش بحران کے علاوہ ایسی صورتحال بتا دے جسکی وجہ سے فوری انتخابات نا گزیر ہیں’ ہمایوں اختر خان

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوںاخترخان نے کہا ہے کہ اپوزیشن خود کو درپیش بحران کے علاوہ ایسی کسی صورتحال کاحوالہ دے جس کی وجہ سے ملک میں فوری انتخابات کا انعقاد نا گزیر ہے ،پی ڈی ایم کی جس طرح پہلے کوئی آرزو پوری نہیں ہوئی اسی طرح قبل از وقت انتخابات کی خواہش بھی پوری نہیں ہوگی،عوام مہنگائی کی اصل صورتحال سے آگاہ ہیں اور انشااللہ حکومت بتدریج اس پر قابو پا لے گی ۔

ان خیالات کا اظہارانہوںنے حلقہ این اے 131کے مرکزی دفتر میں پارٹی رہنمائوںاورحلقے کے اکابرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حلقے کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور آئندہ بھی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی بالترتیب تین اور چار دہائیاں اقتدار میں رہی اور مولانا فضل الرحمان بھی کسی نہ کسی صورت میں اقتدارکا حصہ رہے ہیں ، قوم ان سے سوال کرتی ہے کہ اس عرصے میں سوائے ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کے معاشی طو رپر کیا کامیابیاں سمیٹی گئی ہیں جس کی وجہ سے عوام ناکام رہنے والوں کودوبارہ اقتدار میں لے آئیں ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اچھی طرح آگاہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان معیشت کی ترقی کے لئے اصلاحات اوربنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنا رہے ہیں اوراگر حکومت نے اپنا ہدف حاصل کر لیا ہے تو ان کی سیاست سے ہمیشہ کیلئے چھٹی ہو جائے گی اورایسا ہونا اٹل ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے کبھی بھی اپنی جماعت کی سیاست کی بات نہیں کی بلکہ ہمیشہ ملک وقوم کے مفاد کو مقدم جاناہے جو اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہا ۔ انہوںنے کہا کہ انشا اللہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نہ صرف اپنی آئینی مدت پورے کرے گی بلکہ آئندہ عام انتخابات میں مزید طاقت کے ساتھ دوبارہ دوبارہ حکومت میں آکر ترقی کے سفر کے تسلسل کو جاری رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں