عظمی بخاری

پنجاب بیروزگاری،مہنگائی اور غربت میں پہلے ہی نمبر ون تھا،اب جرائم کی شرح میں بھی نمبرون آگیا ہے’عظمی بخاری

لاہور (گلف آن لائن) مسلم لیگ(ن)پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہاہے کہ پنجاب بیروزگاری،مہنگائی اور غربت میں پہلے ہی نمبر ون تھا،اب پنجاب جرائم کی شرح میں بھی نمبرون آگیا ہے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ سیالکوٹ موٹروے کے بعد گوجرہ کے قریب موٹروے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنادیا گیاہے،گوجرہ میں ہی سابق ہاکی پلیئر عمران شاہ اور انکے بھائی پر تشدد اور فائرنگ کی گئی ہے،وزیر اعلی پنجاب اور وزیر قانون پنجاب صرف بند کمروں کی میٹنگز تک محدود ہیں،پنجاب کے عوام جرائم پیشہ،اجرتی قاتلوں اور قبضہ مافیا کی رحم و کرم پر ہیں،وزیر قانون ہر تیسرے دن امن و امان کے حوالے سے اجلاس طلب کرتے ہیں،لیکن امن و امان کے متعلق بلائے اجلاس صرف چائے بسکٹ تک محدود رہتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پنجاب پولیس بھی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے نادرشاہی حکومت کو پروٹوکول دینے میں مصروف ہے،اگر وزیراعلی پنجاب اور وزیر قانون عوام کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے تو گھر جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں