ڈاکٹر شاہد صد یق

(ن) لیگ والے”شیر”تب بنتے ہیں جب یہ اقتدار میں ہوں’ڈاکٹر شاہد صد یق

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی بانی رہنما ڈاکٹر شاہد صد یق خان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ والے”شیر”تب بنتے ہیں جب یہ اقتدار میں ہوں،سابقہ حکومت قرضوں کے پہاڑ چھوڑ کر گئی اور ایک ایسا منصوبہ نہیں بنایا گیا جس سے یہ قرضے واپس ہو سکیں،تاریخ میں پہلی اپوزیشن ہے جو عوام کی بجائے قیادت کو ریلیف دلوانے سڑکوں پر نکلی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)کے لوگ انتخابات میں جیتنے کے بعد اپنے حلقوں میں نہیں گئے بلکہ اپنی قیادت کی کرپشن بچانے اور انہیں ریلیف دلوانے کیلئے سڑکوں پر رہے ۔

بد قسمتی سے ان لوگوں کے لئے تحریک چلائی گئی جو ہر بار قوم کو چھوڑ کر لندن جا بسیرا کرتے ہیں اور پھر حالات معمول پر آنے کا انتظار کرتے ہیں یہ قوم کے لیڈر ہیں ؟۔انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کا پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کادعوی دیوانے کی بڑ ہے ، اس کے پاس اسمبلی میں جتنے اراکین موجود ہیں اس سے تو ایک تانگے کی سواریاں بھی پوری نہیں ہوتیں۔

انہو ں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کا ذاتی مفادات کا بیانیہ الگ الگ پردے میں لپٹاہوا ہے ، مسلم لیگ (ن)کی حکومت معیشت کا ستیا ناس نہیں بلکہ سوا ستیا ناس کرکے گئی ، سابقہ دور میں تاریخ کے مہنگے ترین کمرشل قرضے لئے گئے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ،اپوزیشن سامنے بیٹھ کربات کرنے کا حوصلہ نہیں رکھتی اس لئے میں نہ مانوں کی رٹ لگارکھی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں