چوہدری فواد حسین

حکومت سازگار کاروباری پالیسیوں کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے،فواد چوہدر ی

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ حکومت سازگار کاروباری پالیسیوں کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، صنعتیں ترقی کریں گی تو ملک آگے بڑھے گا،منافع بخش کمپنیوں کو اپنے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کرنا چاہیے۔

انٹرپرینیور آرگنائزیشن کے وفد سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت حکومت نے ملک میں صنعتی انقلاب کے لئے نمایاں اقدامات اٹھائے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت سازگار کاروباری پالیسیوں کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ سابقہ دور میں ڈی انڈسٹرلائزیشن ہو رہی تھی، پی ٹی آئی کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی ملک میں ڈی انڈسٹرلائزیشن روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے جہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباروں کو تحفظ حاصل ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کورونا وبائ کے بعد دنیا کو درپیش معاشی صورتحال کا تفصیل سے ذکر کیا، ہمارا یقین ہے کہ صنعتیں ترقی کریں گی تو ملک آگے بڑھے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ملکی معاشی ترقی میں کاروباری اداروں کا اہم کردار ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ کاروباری ادارے بڑی تعداد میں ملازمتیں مہیاء کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی جی ڈی پی میں نمایاں حصہ لیتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ پر بھرپور توجہ دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری بڑھی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ ملک میں کام کرنے والی کمپنیوں کے منافع میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ صنعتی اور زرعی شعبہ میں انقلابی اقدامات کے باعث لوگوں کی آمدن میں 37 فیصد اضافہ ہوا، 1100 ارب روپے رورل اکانومی سے زرعی شعبہ میں منتقل ہوئے، آج ہمارا کسان خوشحال ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ ملک میں صنعتی و زرعی سرگرمیوں میں اضافہ کے باعث گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور ٹریکٹروں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، تنخواہ دار طبقہ کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں، حکومت اس ضمن میں اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ منافع بخش کمپنیوں کو اپنے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کرنا چاہئے۔انٹرپرینیور آرگنائزیشن کے وفد نے حکومت کی جانب سے صنعتوں اور کاروباروں کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔وفد میں عاقب چوہدری (رائس ورلڈ)، طارق محمد (اوٹو پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ)، اشعر خان (کومٹیل)، عمران غفور (ستارہ پیروکسائیڈ لمیٹڈ)، جاوید مصدق (اربن سول)، خرم گلزار (ویلیو سٹاک اینڈ کموڈیٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ)، محسن خواجہ (محمود گروپ)، شاہجہاں ملک (گارڈ ایگریکلچر ریسرچ اینڈ سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ)، عمر اشرف (سپر ایشیا موٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ)، تنویر احمد (ایفل انڈسٹریز لمیٹڈ)، قاسم چوہدری (مرکنٹائل انٹرپرائزز (پرائیویٹ) لمیٹڈ)، عمر ورک (حرا ملز لمیٹڈ) شامل تھے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں