مسرت جمشید چیمہ

شریف خاندان سر میں درد ہونے پر بھی کرپشن کے پیسے سے ڈسپرین لینے لندن چلا جاتا ہے ‘ مسرت چیمہ

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما و رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ(ن) کے کئی دہائیوں کے بیگاڑکو درست کرنے کیلئے کچھ وقت درکار ہے اور عمران خان قوم کو مایوس نہیں کریں گے ، ماضی میں کرپشن کو ختم کرنے کی بجائے اس کی آبیاری کی گئی جس کی وجہ سے یہ ہر جگہ سرائیت کر چکی ہے لیکن موجودہ حکومت اس کا قلع قمع کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے ،تکنیکی غلطی کی وجہ سے ملک کی سب سے سیاسی جماعت کو این اے 133کے ضمنی انتخاب سے باہر نہیں رکھا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے حلقہ این اے133کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں مختلف مقامات پر کارنر میٹنگزسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہاکہ ماضی کے نام نہاد خادم اعلیٰ لاہور کو پیرس بنانے کے دعوے کرتے نہیں تھکتے تھے لیکن این اے 133میں دیکھیں یہ پنجاب کے کسی دور دراز گائوں کا منظر پیش کررہا ہے ،قوم پوچھتی ہے یہ ان کا پیرس ہے؟ ۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں حلقے کے مسائل کا پتہ ہے اور انشااللہ ہمیں انہیں حل کرائیں گے۔حکومت سارے پنجاب کی عوام کو 10لاکھ روپے مالیت کا ہیلتھ انشورنس کارڈ دینے لگی ہے اور کارڈدینے کا آغاز اسی حلقے سے ہوگا۔ کوئی بھی خاندان پرائیویٹ یا سرکاری ہسپتال سے 10لاکھ روپے تک اپنا علاج کر اسکے گا اوراگرکسی گھر کا سارا کارڈ خرچ ہو گیا تو حکومت اسے مزید تین لاکھ روپے دے گی ، یہ وہ نیا پاکستان جس کا عمران خان نے نعرہ لگایا تھااور اب اسے عملی شکل دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے پاس کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے اتنی وسائل جمع ہیں کہ کسی فرد کو سر میںدرد بھی ہو تو یہ ڈسپرین لینے لندن چلے جا تے ہیں ،یہ پورے پورے کا پوراجہاز بک کر اس میں دیگیں بھی ساتھ رکھ کر لے جاتے ہیں لیکن اب قوم ان کامحاسبہ کرے گی اور ان سے ماضی میں کی گئی کرپشن اور لوٹ مار کا حساب لے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں