دبئی (گلف آن لائن)آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں شائقین تعداد کم تھی ،پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں باہر ہونے کے بعد ایونٹ کے سب سے بڑے معرکے کا رنگ پھیکا پڑ گیا ،اسٹیڈیم کے باہر سکیورٹی اہلکاروں کے سوا کوئی دکھائی نہیں دے رہا ، البتہ جو تھوڑے بہت شائقین اسٹیڈیم آئے وہ پاکستان اور بھارت کے ہی دیوانے تھے جو اپنے اپنے ملکوں کے جھنڈوں کے رنگ میں رنگے ہوئے تھے۔پاکستانی شائقین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی شاندار کارکردگی کو دیکھ کر فائنل کا ٹکٹ پہلے ہی خرید لیا تھا تاکہ آگے کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے تاہم پاکستان فائنل سے باہر ہوگیا ، اب ٹکٹ کو خرید رکھا تھا اس وجہ سے فائنل دیکھنے آئے ہیں اور نیوزی لینڈ ٹیم کو سپورٹ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کو سپورٹ کرنے کی وجہ یہ ہے انہیں پاکستان ٹیم ہرا چکی ہے اگر وہ جیت گئی تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ وہ ٹیم چیمپئن بنی جس کو پاکستان ٹیم نے شکست دی تھی۔بھارتی شائقین بھی اپنی ٹیم کی جرسی پہنے نظر آئے انہوں نے بھی نیوزی لینڈ کی کامیابی کی امید لگائی ہوئی تھی۔بھارتی شائقین کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ کے دیوانے ہیں فائنل کسی بھی ٹیم کا ہو وہ بھرپور انجوائے کریں گے ان کی ٹیم فائنل میں ہوتی تو زیادہ مزہ آتا لیکن وہ فائنل میں خوب انجوائے کریں گے۔