کراچی(گلف آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان اسٹیل مل سے متصل گوٹھ کو ریگولرائز کرانے سے متعلق درخواست پر درخواستگزار کے وکیل سے ممبر بورڈ آف ریونیو کو فریق بنانے کی ہدایت کردی۔
منگل کو سندھ ہائیکورٹ میں پاکستان اسٹیل مل سے متصل گوٹھ کو ریگولرائز کرانے سے متعلق علی محمد جوکھیو گوٹھ مکینوں کی درخواست پرسماعت کی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ تین سو سال سے یہاں رہ رہے ہیں۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ یہ اراضی پاکستان اسٹیل مل کو بہت پہلے ہی دی جا چکی۔ یہاں کوئی گوٹھ نہیں۔
جب اراضی ان کے پاس ہے ہی نہیں تو ریگولرائزڈ کیسے ہو سکتی ہے۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ گوٹھ اراضی اسٹیل مل کو دینے سے متعلق ممبر بورڈ آف ریونیو کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے درخواستگزار کو حکم دیا کہ اس کے لیے آپ ممبر بورڈ آف ریونیو کو فریق بنائیں۔ عدالت نے درخواستگزار کے وکیل سے ممبر بورڈ آف ریونیو کو فریق بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔