اسلام آباد (گلف آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد سکھ برادری کو گرونانک کے یومِ پیدائش کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ 1973ع کا آئین پاکستان میں آباد تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے،پیپلز پارٹی سکھ، ہندو، اور بدھ مت کے یاتریوں کے لیئے آسانیاں پیدا کرنے اور سہولیات کے لیئے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔
جمعہ کو اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ گرونانک کے یوم پیدائش پر دنیا بھر سے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان سکھ یاتریوں کا دوسرا گھر ہے،گرونانک نے بھائی چارے اور انسانیت دوستی کا پیغام دیا،دنیا بھر میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی جتنی آج ضرورت ہے، وہ پہلے نہیں تھی۔ انہوںنے کہاکہ 1973ع کا آئین پاکستان میں آباد تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔
انہوںنے کہاکہ 1973ع کا آئین شہید بھٹو کے سیاسی تدبر کا عکاس ہے،آج پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ انہوںنے کہاکہ کرتارپور کو ویزا فری راہداری بنانے کی سب سے پہلے تجویز شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے دی تھی۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی سکھ، ہندو، اور بدھ مت کے یاتریوں کے لیئے آسانیاں پیدا کرنے اور سہولیات کے لیئے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔