کیپٹن(ر) صفدر

عمران خان کی کوئی حیثیت نہیں اصل مقابلہ اس قوت سے ہے جو ملک کو آگے نہیں چلنے دیتی ‘کیپٹن(ر) صفدر

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن(ر) محمدصفدرنے کہا ہے کہ جعلی انتخابات کے ذریعے حکومت بنانے والوں کے احتساب کی ضرورت ہے،ٹیلی فون کرنے اور سننے والا عوامی جے آئی ٹی میں پیش ہوں،این اے133میں پانچ دسمبر کو ضمنی انتخاب ہو رہا ہے ،پیغام دینا ہے کب تک ووٹ چوری کرو گے،دھند کا علاج ڈانگ سوٹے کے ساتھ کرنا ہے ،جب کربلا کی تپتی زمین ہو یزید سامنے ہو تو عورت باہر نکلتی ہے،نوازشریف کی بیٹی عصر حاضر کے یزیدوں کو للکار رہی ہے،عمران خان کی کوئی حیثیت نہیں اصل مقابلہ اس قوت سے ہے جو ملک کو آگے نہیں چلنے دیتی ۔ان خیالات کا اظہارا نہوںنے حلقہ ین اے 133 کی انتخابی مہم کے سلسلہ میںکوٹ لکھپت میںمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر علی پرویز ملک، غلام مصطفی، ہارون اعوان، رمضان صدیق بھٹی، راجہ آصف، مہر امانت اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ مجھ پر 19کیسز ہیں ، میں خیبر پختوانخواہ کاغیرت مند جوان ہوں اوربہادری سے مقابلہ کروں گا، اب ہمارے اوپر پرچے کا وقت گیا اب حکومت پر پرچے کا وقت آ چکا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پانامہ سازش کا اصل مجرم جسٹس(ر) ثاقب نثار ہے،جس نے نواز شریف اور مریم نواز کے کیسز میں فون کئے یا سنے وہ عوامی جے آئی ٹی میں پیش ہوں،جس نے نوازشریف کا احتساب کیا اس جے آئی ٹی کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کی جائے،خیبر پختوانخواہ کے ججوں میںجرات ہے ،جسٹس وقار کی روح سے کہتے ہیںاگر پرویز مشرف پاکستان آیا تو اسے آرٹیکل چھ کا مجرم کے طو رپر سزا دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ آج ڈاکٹر قدیر فوت ہوا کسی نے ان کا سوگ منایا ؟،ڈاکٹر قدیر کیلئے تین دن کا سرکاری سوگ ہونا چاہیے تھا کیونکہ انہوںنے اپنی زندگی ایٹمی پروگرام کیلئے وقف کی ،ڈاکٹرقدیر نے ملک کی اصل خدمت کی۔انہوںنے کہا کہ عامر لیاقت غسل کرکے بھی نہیں آتے لیکن اسے میلاد و صدقات پربات کرنے کیلئے بٹھا دیتے ہیں، ہم شیخ القرآن و حدیث کو کیوں ٹی وی پر نہیں بٹھاتے،تھیٹر والوں کو دین کے حوالے کر دیں گے تو یہی کام ہوگا،خادم رضوی جیسا عالم اس صدی میں دوبارہ پیدا نہیں ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ این اے 133کاضمنی انتخاب پانچ دسمبر کو ہورہاہے ،ان کو پیغام دینا ہے کب تک ووٹ چوری کرو گے، دھند کا علاج ڈانگ سوٹے کے ساتھ کرنا ہے کہیں یہ گم نہ ہو جائے۔ انہوںنے کہاکہ خواجہ عمران نذیر کے کہنے پر آیا ہوں وہ نہیں آئے ،اگر میرے خلاف کوئی مقدمہ ہوا تو ان کا نام ضرور شامل کرائوںگا ۔علی پرویز ملک نے کہا کہ الیکشن کے پیچھے تحریک پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے، بیگم شائستہ پرویز ملک کو رکن قومی اسمبلی منتخب کروانا ہی مقصد نہیں بلکہ ہم نے ووٹ کو عزت دلوانی ہے ، ہم نے نوازشریف کی تحریک کیلئے قربانی سے دریغ نہیں کیا ۔ انہوںنے کہا کہ نوازشریف اپنی اہلیہ کو بستر مرگ پر چھوڑ کر بیٹی کے ہمراہ جیل گئے، ہماری قیادت نے پاکستان میں طرز حکمرانی کو تبدیل کرنے اور عوام کی حقیقی حکمرانی کیلئے جدوجہد کی ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی اے ٹی ایم کو نوازتا ہے اس سسٹم کو تبدیل کرنے کیلئے شائستہ پرویز کو منتخب کروانا ہے، امید رکھتاہوں پانچ دسمبر کو نالائقوں کے احتساب کا موقع ملے گا تو سسٹم سے نفرت کا اظہار اپنے ووٹ کی پرچی سے کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ نالائق حکمران کا امیدوار میدان چھوڑ کر چلا گیا ہے ،اس نظام کو رد کرکے احتجاج ووٹ سے کرکے شیر کو جتوائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں