امریکا

سربراہ پینٹا گون کاامریکا کے مشرقِ اوسط میں سکیورٹی برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ

منامہ (گلف آن لائن )امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن نے مشرقِ اوسط میں اتحادیوں کو ایک مرتبہ پھر یقین دلانے کی کوشش کی ہے کہ چین کے مقابلے کی طرف توجہ مرکوز کرنے کے باوجود صدرجو بائیڈن کی انتظامیہ خطے کی سکیورٹی کے لیے پرعزم ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بحرین کے دارالحکومت منامہ میں منعقدہ سکیورٹی کانفرنس میں لائیڈ آسٹن نے اپنی تقریرمیں خطے اورعالمی سطح پرپائی جانے والی اس تشویش کا اعتراف کیا کہ امریکا صرف چین کے چیلنج پرتوجہ مرکوزکررہا ہے۔

آسٹن نے کہا کہ مشرقِ اوسط میں سلامتی کے حوالے سے امریکاکاعزم پختہ ،مضبوط اور یقینی ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکا ایران کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہے جبکہ وہ 2015 میں طے شدہ جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے بھی کام کررہا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم جوہری مسئلے کے سفارتی حل کے لیے پرعزم ہیں۔

اگرایران سنجیدگی سے مذاکرات پر آمادہ نہیں تو پھر ہم امریکاکومحفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اختیارات پرغورکریں گے۔پینٹاگون کے سربراہ نے کہا کہ امریکا جوہری سمجھوتے کی بحالی کے لیے29 نومبر سے ویانا میں شروع ہونے والے بالواسطہ مذاکرات میں نیک نیتی سے شرکت کرے گا۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ حالیہ مہینوں میں ایران کے اقدامات حوصلہ افزا نہیں رہے ہیں،بالخصوص ایران نے جوہری پروگرام میں توسیع کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں