مسرت جمشید چیمہ

(ن) کی خطوط ، آڈیوز کے ذریعے احتساب سے بچنے کی تما م چالیں ناکام ہو گئیں’مسرت جمشید چیمہ

لاہور(گلف آن لائن)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی خطوط اور آڈیوز کے ذریعے احتساب سے بچنے اور اپنی سیاست کوتقویت پہنچانے کی تما م چالیں ناکام ہو گئی ہیں بلکہ ان کے اپنے گلے پڑچکی ہیں ،نواز شریف اور شہباز شریف نے کرپشن اورلوٹ مار جبکہ مریم صفدر نے سیاست میں انتشار اورجعلسازی کومتعارف کرایا ہے او ریہی ان کا اثاثہ ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے حلقہ این اے 133کی یونین کونسلوں222،224،228اور236میں پارٹی کے مقامی رہنمائوں اور کارکنوں سے ملاقاتوں میں گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر بلدیاتی انتخابات کیلئے حکمت عملی طے کی گئی۔ اس موقع پر عبد الکریم کلہواڑ،محمد فیاض بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ انشااللہ تحریک انصاف نہ صرف اپنے پانچ سال پورے کرے گی بلکہ آئندہ عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر دوبارہ حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کابینہ نے بلدیات کے قانون کے مسودے کی منظوری دیدی ہے جسے اب پنجاب اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ سیاسی مخالفین جو بھی چالیں چل رہے ہیںان سے ان کا اپنا چہرہ بے نقاب ہو رہا ہے ،مسلم لیگ(ن) اینڈ کمپنی اس طرح کے ہتھکنڈوںسے اداروں کو دبائو میں لانا چاہتی ہے لیکن انہیں اس میں سوائے ناکامی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں