عثمان بزدار

لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل جاری، گردن پر ڈور پھرنے سے نوجوان جاں بحق،وزیر اعلیٰ کا نوٹس

لاہور(گلف آن لائن)پولیس کے دعوئوں کے باوجود لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل تاحال جاری ہے، شالیمار لنک روڈ پر کٹی پتنگ کی ڈور گردن پر پھرنے سے 24 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔

بتایا گیا ہے کہ مشتاق کالونی کا رہائشی 24سالہ اسد نامی نوجوان موٹرسائیکل پر گھر جارہا تھا کہ کٹی پتنگ کی ڈور اس کی گردن پر پھر گئی اور زیادہ خون بہہ جانے سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی ۔عینی شاہدین کے مطابق نوجوان ڈور پھرنے کے بعد ریسکیو ٹیموں کے آنے قبل جاں بحق ہوگیا تھاجبکہ پولیس تاخیر سے پہنچی۔پوسٹمارٹم کے بعد میت گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور المناک حادثے کے باعث علاقے کی فضا ء سوگوار نظر آئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈور پھرنے سے نوجوان کی جان چلے جانے پر افسوس اور دکھ کااظہارکرتے ہوئے پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو نے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ انسداد پتنگ بازی ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔سی سی پی او نے کہاکہ کسی بھی شخص کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جا سکتی،پتنگ فروشی،مینوفیکچرنگ اور پتنگ اڑانے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں