مریم اور نگزیب

مریم اورنگزیب کا میڈیا پروٹیکشن بل میں کیمرہ مین، فوٹوگرافرز کو صحافی کے درجے میں شامل کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا پروٹیکشن بل میں کیمرہ مین، فوٹوگرافرز کو صحافی کے درجے میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ خبر اور واقعات کو منظر عام پر لانے مین فرنٹ لائن کا کردار ادا کرنے والوں کو صحافیوں کی کیٹگری سے نکالنا غلط ہے۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ کیمرہ مین اور فوٹوگرافرز جنگوں اور تنازعات میں سب سے آگے ہوتے ہیں، انہیں تو زیادہ تحفظ کی ضرورت ہوتی ہے،یہ کیسا پروٹیکشن بل ہے جس میں صحافت کے اتنے اہم شعبے کو ہی مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ دنیا بھر میں کیمرہ مین، فوٹوگرافرز وہ کام کردکھاتے ہیں جو رپورٹرز کے کام کو بھی پیچھے چھوڑ جاتا ہے کیمرہ مین اور فوٹوگرافرز کو صحافی کے درجے سے نکالنا صحافت، میڈیا اور پیشہ وارانہ امور سے لاعلم ہونے کا مظہر ہے۔

انہوںنے کہاکہ کیمرہ مین اور فوٹوگرافرز برادری میں پھیلی تشویش قابل فہم ہے، حکومت اس غلطی کو فوری درست کرے ۔ انہوںنے کہاکہ کیمرہ مین اور فوٹوگرافرز برادری کے ساتھ یک جہتی کرتے ہیں، ان کے حق کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے ،میڈیا کی نمائندہ تنظیمیں اپنے ساتھیوں کے پیشہ وارانہ حق کے تحفظ کے لئے آواز بلند کریں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں