حماس

لبنان میں فلسطینی میزبان ملک کی ترقی کا حصہ بن کر کام کریں گے،حماس

بیروت(گلف آن لائن)بیرون ملک حماس کے سیاسی بیرو کے سربراہ خالد مشعل نے لبنان کی سلامتی اور استحکام کے حوالے سے جماعت کی گہری دلچسپی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان میں فلسطینی میزبان ملک کی ترقی کا حصہ بن کر کام کریں گے۔ ہم لبنان کی خود مختاری کی حمایت کرتے ہیں اور فلسطینی پناہ گزینوں کے حق واپسی کے حصول کی جدو جہد کرتے رہیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق لبنانی دارالحکومت بیروت میں پروگریسو سوشلسٹ پارٹی کے سربراہ ولید جنبلات کے ساتھ ملاقات میں مشعل نے لبنانی حکومت اور لبنانی افواج سے مطالبہ کیا کہ وہ لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات کریں۔دونوں رہ نماوں نے فلسطینی کاز کی پیشرفت اور لبنان میں فلسطینی صورتحال کا جائزہ لیا۔

مشعل نے فلسطینی کاز کے لیے جنبلات کے حمایتی موقف کا شکریہ ادا کیا۔مشعل نے فلسطینی کاز، لبنان اور عرب اور اسلامی قوم کے مسائل کی خدمت کے لیے جنبلات کے ساتھ رابطے کو جاری رکھنے پر زور دیا۔دوسری طرف ولید جنبلات نے حماس کے وفد کا خیرمقدم کیا اور اسرائیلی دشمن کے مقابلے میں حماس کے مزاحمتی کردارکی تعریف کی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی آزادی کی تحریک حماس جو اپنی سرزمین سے اسرائیلی قبضے کے خلاف لڑ رہی ہے کامیابی حاصل کرے گی اور آزادی کی جدو جہد منطقی انجام تک جاری رکھی جائے گی۔

جنبلات نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ ہماری دوستی اور ہمارا اتحاد عظیم مرحوم کمال جنبلات سے تعلق رکھتا ہے۔ہم فلسطینیوں کے ساتھ مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مشکل حالات کے باوجود فلسطین کے لیے کوئی خوف نہیں ہے کیونکہ وہ آخر کار فتح اور آزادی حاصل کریں گے۔ملاقات میں لبنانی وزیر غازی العریضی اور فلسطینی امور کے انچارج ڈاکٹر بہا ابوکروم نے شرکت کی جب کہ حماس کے وفد میں سیاسی بیورو کے ارکان فتحی حماد، محمد نزال لبنان میں تحریک کے نمائندے ڈاکٹر احمد عبدالہادی اور دیگر شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں