لاہور( گلف آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے جعلی ڈگری کی بنیاد پر نوکری سے برطرف ہونے والی ایئر ہوسٹس کی اپیل مسترد کرتے ہوئے سول کورٹ کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔برطرف ہونے والی ایئر ہوسٹس ثمینہ سلیم قریشی کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے 5 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار 1996 میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز میں بطور ایئر ہوسٹس بھرتی ہوئی تھیں۔فیصلے کے مطابق درخواست گزار کی بی اے کی ڈگری تصدیق کے لیے بہا ائولدین زکریا یونیورسٹی بھجوائی گئی تھی تاہم بہا ائولدین زکریا یونیورسٹی نے درخواست گزار کی ڈگری جعلی اور بوگس قرار دیدی۔ہائیکورٹ کے مطابق درخواست گزار کو 2018میں جعلی ڈگری کی بنیاد پر نوکری سے برطرف کیاگیا جس پر انہوں نے سول کورٹ اور ٹرائل کورٹ سے رجوع کیا تاہم درخواست گزار کی استدعا مسترد کی گئی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کا موقف ہے کہ ائیر ہوسٹس کی پوسٹ کے لیے بی اے کی ڈگری کی ضرورت نہیں تھی بلکہ ائیر ہوسٹس کے لئے انٹر میڈیٹ کی ڈگری مانگی گئی تھی جو جعلی نہیں ہے۔درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ مطابق بی اے کی ڈگری غیر متعلقہ ہے لہٰذااسے نوکری سے برطرف نہیں کیا جاسکتا۔لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا کہ ماتحت عدالت نے درخواست گزار کے دعوئوں کو درست مسترد کیا تھا اور درخواست گزار کی اپیل حقائق کے برعکس ہے لہٰذامسترد کی جاتی ہے۔