عمران اسماعیل

رائس ایکسپورٹ سیکٹر کو بھر پور تعاون فراہم کیا جائے گا،عمران اسماعیل

کراچی (گلف آن لائن)رائس ایکسپورٹرزایسو سی ایشن آف پاکستان کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے چیئرمین علی حسام اصغر کی سر براہی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گذشتہ روز گورنر ہائوس کراچی میں ملاقات کی ۔

وفد میں محمد انور میانور سینئر وائس چیئرمین، مینیجنگ کمیٹی کے ممبران ڈاکٹر محمد حفیظ ، چوہدری ذوالفقار علی ،جہانزیب جاوید ، انعام الحق ، آصف علی شیخ ، سابق چیئرمین رفیق سلیمان ، انکے علاوہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر حارث عتیق بھی موجود تھے۔ چیئرمین علی حسام اصغر نے موجودہ حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ بر آمدات سیکٹر انکی ترجیحات میں شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ “زیادہ چاول اگائو اور زیادہ بر آمد کرو “ہمارا عزم ہے ۔

ہم اپنی چاول کی فصل بڑھائے بغیر بر آمدا ت میں اضافہ نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے وفاق کے نمائند ے کے طور پر گورنر سندھ سے درخواست کی کہ وہ REAPکے وفد کی وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کرانے میں تعاون کریں تاکہ ہم چاول کی برآمدات کو درپیش چیلنجز سے ان کو آگاہی دے سکیں اور انکے حل کیلئے مناسب اقدامات کئے جاسکیں۔ محمد انور میانور نے گورنر سندھ کو چاول کی بر آمدات کو درپیش بڑے چیلنج سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ اس وقت بر آمدات کیلئے خالی کنٹینر کی دستیابی بہت بڑا مسئلہ ہے مزید فریٹ چارجز کئی گنا بڑھ چکے ہیں ۔ انہوں نے تجویز دی کہ متعلقہ وزارت شپنگ کمپنیوں کو پابند کرے کہ در آمدات کیلئے آئے ہوئے کنٹینر ز کا کچھ فیصد خالی کنٹینر بر آمدات کیلئے مخصوص کریں ۔

اس اقدام سے برآمدات کیلئے کافی سہولت مہیا ہوگی ۔ مزید بر آں انہوں نے بتایا کہREAPکی تجویز پر وزارت تجارت نے چاول کی بیج پر تحقیقاتی کام کی رفتار بڑھانے کیلئے فائٹو ٹرون ٹنل (Phytotron Tunnel) کا منصوبہ منظور کرتے ہوئے سندھ اور پنجاب میں عمل در آمد کرنے کا مراسلہ جاری کرچکی ہے ۔ REAPکا وفد اس سلسلے میں چیف سیکریٹری سندھ اور سیکریٹری زراعت سے ملاقات کرچکا ہے ۔

انہوںنے گورنر سندھ سے در خواست کی کہ حکومت سندھ سے رابطہ کر کے جلد از جلد ہماری مندرجہ بالا تجاویز پر عمل در آمد ممکن بنایا جائے ۔ آخر میں علی حسام اصغر اور محمد انور میانور نے گورنر سندھ کو REAPکی یادگاری شیلڈ پیش کی ۔ گورنر سندھ نے بھی REAPکے وفد کو گورنر ہائوس کی شیلڈ پیش کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں