کارپٹ ایسوسی ایشن

حکومتی ذمہ داران دیرینہ مسائل سے آگاہی کیلئے مدعو کریں ‘ کارپٹ ایسوسی ایشن

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ہاتھ سے تیار قالینوں کی عالمی برآمدات میں پاکستان کا حصہ بڑی تیزی سے کم ہو رہا ہے جو لمحہ فکریہ ہے ، عالمی مارکیٹ میںاپنا حصہ وصول کرنے کیلئے ہمیں اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ اور تشہیر کیلئے موثر حکمت عملی مرتب کرنا ہو گی جو حکومتی معاونت کے بغیر ممکن نہیں ،حکومت ریفنڈز کے اجرا ء میں غیر ضروری تاخیر ، کریڈٹ فنانسنگ اور طورخم کے راستے جزوی تیار خام مال منگوانے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے احکامات جاری کرے ۔ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عبداللطیف ملک،کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان،سینئر ایگزیکٹو ممبر ریاض احمد،سعید خان ،دانیال حنیف، فیصل سعید خان اوردیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کی پہچان سمجھے جانے والی صنعت حالیہ ایک سے ڈیڑھ دہائی میں شدید مشکلات سے دوچار ہوئی ہے جس کی قیمت ہم عالمی مارکیٹ میں اپنا حصہ کھونے کی صورت میں ادا کر رہے ہیں ۔ یہ ایسی صنعت ہے جس کا حکومت پر کسی طر ح کا کوئی بوجھ نہیں بلکہ اس کے ذریعے نہ صرف دیہی علاقوں میں روزگار کی فراہمی ہو رہی ہے بلکہ برآمدات سے قیمتی زر مبادلہ بھی حاصل ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود اس صنعت کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جارہا ہے جو تشویش کا باعث ہے ۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کیلئے بیرون ممالک پاکستانی مصنوعات کی تشہیر کیلئے خصوصی پویلینز کا قیام نا گزیر ہے ،اس کے ساتھ تشہیر اور موثرمارکیٹنگ کے لئے دیگر ذرائع بھی استعمال کئے جائیں۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر ذمہ داران سے مطالبہ ہے کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کے مسائل سے آگاہی کیلئے ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کو مدعو کیا جائے تاکہ اس صنعت کو دوبارہ عروج مل سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں